وزیر اعظم سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ،تحریک واپس لینے کی درخواست،جے یو آئی سربراہ نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کیلئے مزید وقت مانگ لیا،ملک کے وسیع تر مفاد میں تحریک کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے، نواز شریف،ہماری تحریک آئینی و قانونی ہے،آئین کے تحت مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے، سربراہ جے یو آئی

ہفتہ 1 اگست 2015 09:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 اگست۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی ہے جس میں تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک ،جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ اور مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم کی پی ٹی آئی ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لینے کی درخواست ،مولانا فضل الرحمن نے مشاورت کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان مصدق نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے یہاں وزیر اعظم نوازشرشریف سے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور خاص طور پر تحریک انصاف کے ارکان کو پارلیمنٹ سے ڈی سیٹ کرنے کی تحریک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمن کو درخواست کی کہ ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے تحریک کو واپس لی جائے جس پر مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم کو پارٹی موقف سے تفصیلی آگاہ کیا ،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت تحریک انصاف کے ارکان کی پارلیمنٹ رکنیت ختم ہو چکی ہے ،ہماری تحریک آئین و قانون کے مطابق ہے یہ مسئلہ آئین و قانون کے تحت ہی حل کیا جا سکتا ہے،ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہملک کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ، ملک کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں،حکومت ملکی ترقی کیلئے خوشگوار ماحول اور سیاسی استحکام چاہتی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوری نظام کے مفاد کیلئے تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے تحریک کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے جس پر مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ مشاورت کیلئے مزید وقت دیا جائے ،پارٹی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد ہی جواب دیا جائیگا۔