آئی ایس نے استنبول میں نائٹ کلب پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

منگل 3 جنوری 2017 10:52

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2017ء)شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ گروپ (آئی ایس )نے سال نو کے موقع پر ترکی کے شہر استنبول میں ایک نائٹ کلب پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے،جس میں 39افراد ہلاک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر جاری ہونیوالے ایک بیان میں جہادی گروپ کا کہنا ہے کہ خلافت کے فوجیوں میں سے ایک نے بوس فورس کے کنارے واقع رینا نائٹ کلب پر حملہ کیا،بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور نے دستی بم اور ایک بندوق کا استعمال کیا،اس کا الزام ہے کہ مسلم اکثریتی ملک ترکی عیسائیوں کی خدمت کر رہا ہے،اس کا ممکنہ حوالہ انقرہ کے شام اور عراق میں آئی ایس کے خلاف برسرپیکار بین الاقوامی اتحاد کے ساتھ شمولیت کی طرف تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ شام میں آئی ایس کے خلاف ترکی کی فوجی مداخلت کے ردعمل کے طور پر کیا گیا۔ترکی شامی اپوزیشن کا حامی ہے تاہم اس نے اگست کے بعد سے شام کے اندر اپنے طور پر فوجی مداخلت بھی شروع کر رکھی ہے اور آئی ایس اور کردش جنگجوؤں دونوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔