نیوزی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہشمند ہیں

دونوں ممالک45 سالہ سفارتی تعلقات سے فائدہ اٹھائیں گے ،چینی وزیرخارجہ بیلٹ اینڈ روڈ میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں،وزیرخارجہ نیوزی لینڈ

جمعہ 10 فروری 2017 22:47

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2017ء)چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین نیوزی لینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے،چینی صدر شی جن پھنگ نے 2014 میں نیوزی لینڈ کا دورہ کیا اور چین کے ساتھ جامع حکمت عملی کی شراکت داری تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے تناظر میں اضافہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ مورے مائیک کیولے کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چین اور نیوزی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات45سال قبل قائم ہوئے تھے اور ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک ان تعلقات سے فائدہ اٹھائیں گے اور انہیں ہر شعبے میں فروغ دیں گے،چین روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے میں نیوزی لینڈ کے فعال کردار کا خیرمقدم کرتا ہے اور وہ ٹیکنالوجی،جدت پسندی،زراعت،لائیو سٹاک اور دوائوں کی تیاری میں نیوزی لینڈ کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نیوزی لینڈکے وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوںمیں سیاحت،تعلیم ،معیشت اور تجارت کے شعبوں میں قریبی تعاون فروغ پارہا ہے،دونوں ملکوں کو 45سال قبل قائم ہونے والے سفارتی تعلقات سے فائدہ اٹھانا چاہیے اوران تعلقات کو اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور جامع حکمت عملی کی شراکت داری میں بدل دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ چین کے تجویز کردہ منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔…(خ م)