ای سی او کے سربراہی اجلاس کے موقع شاہراہ دستور کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا

پھولوں سے شاہراہ دستور کی سجاوٹ انتہائی دلفریب منظر پیش کر رہی ہے ‘ ’’دیوار پھول‘‘ بھی بنا دی گئی ‘ رنگ برنگے مصنوعی پھولوں اور گلدستوں سے مختلف علاقائی ماڈلز بھی بنا دیئے گئے ہیں

پیر 27 فروری 2017 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل فروری ء)وفاقی دارالحکو مت اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ تنظیم (ای سی او)کے سربراہی اجلاس کیلئے شاہراہ دستور کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ پھولوں سے شاہراہ دستور کی یہ سجاوٹ انتہائی دلفریب منظر پیش کر رہی ہے ‘ ’’دیوار پھول‘‘ بھی بنا دی گئی ہے ‘ خصوصی اہتمام کرتے ہوئے رنگ برنگے مصنوعی پھولوں اور گلدستوں سے مختلف علاقائی ماڈلز بنائے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ای سی او سربراہی اجلاس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ شاہراہ دستور اور ایکسپریس وے پر آٹھوں رکن ممالک کے سربراہوں کے کئی مقامات پر پورٹریٹ اور جھنڈے لگا دئیے گئے ہیں۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر شاہراہ دستور کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سبزہ زار میں چھوٹی بگھیوں کے مصنوعی پھولوں سے سجے ماڈلز انتہائی خوبصورت منظر پیش کر رہے ہیں۔

اسی طرح مختلف مقامات ’’دیوار پھول‘‘ بھی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے بنائی گئی ہے۔ شاہراہ دستور پر قومی عمارتوں پارلیمنٹ ہائوس ‘ ایوان صدر ‘ ڈی چوک ‘ وزیر اعظم آفس ‘ وزیر اعظم ہائوس جانے والے راستوں پر بھی خوبصورت علاقائی ماڈلز اور رکن ممالک کے لگائے گئے جھنڈے موسم بہار میں انتہائی دلفریب منظر پیش کر رہے ہیں۔ …(رانا+اع)