تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں، صرف نظام کی کچھ پیچیدگیوں سے گھبراتے ہیں،گورنرپنجاب

منگل 21 مارچ 2017 23:51

ملتان ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تاجر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اورحکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے ،اس سلسلہ میں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا،انہیں اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور ٹیکس کے حوالے سے تاجروں کو درپیش مسائل کو بھی حل کیاجائے گا، ہمارے تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر صرف نظام کی کچھ پیچیدگیوں سے گھبراتے ہیںجبکہ حکومت تاجروں کا اعتماد بحال کرے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہائوس ملتان میں جنوبی پنجاب کے تاجروں کے عہدیداروں اور نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس مو قع پر چیئر مین آل پاکستان سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن خواجہ محمد شفیق اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کی انجمن تاجران کے عہدیداران احتشام الحق،ظفر اقبال صدیقی، ارشاد احمد بھٹی، عزیزالرحمن انصاری، ممتاز علی، محمد ارشد باجوہ، خواجہ عبیدالرحمن ، راجہ ابراہیم، حافظ محمد یونس، اسد غفار، علائو الدین، سید امیر حسین، جمیل بھٹی، سیٹھ محمد اسلم ، شیخ محمد سلیم اور دیگر موجود تھے، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے اورملک میں سرمایہ کاری ہورہی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں، سی پیک کی وجہ سے بہت مثبت تبدیلی آئے گی اور کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی، بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے جس سے ہماری صنعت کا پہیہ چلے گا، گو رنر پنجاب نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہاہے، کاروباری افراد معاشرے میں اثر رسوخ رکھتے ہیںاور ان کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے، انہیں بھی چاہئے کہ وہ حکومت کی طرف سے کئے گئے اچھے کاموں کو عوام کے سامنے رکھیں ، ہمیں اپنے انفرادی کی بجائے قومی ایجنڈ ے کی طرف آنا ہوگا اور ملکی مفاد کے لئے متحد ہوکر کام کرناہوگا، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ مجھے احساس ہے کہ تاجر مختلف مسائل کا شکارہیں تا ہم میری کوشش ہے کہ تاجروں کے مختلف محکموں کے حوالے سے مسائل حل کرنے کے لئے ون ونڈو سسٹم بنایا جائے تاکہ انہیں مختلف محکموں کے چکر نہ لگانے پڑیں، حکو مت جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی رہی ہے، ملتان میں تین نئی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا، مظفر گڑھ میں طیب اردگان ہسپتال بنایا گیا ، ڈیرہ غازیخان میں غازی یونیورسٹی اور غازی میڈیکل کالج ، رحیم یار خان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تقریباًہر ضلع میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے بنائے گئے ، اسی طرح جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ، سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز کو بھی امپروکیا گیا ہے جس سے صحت کے شعبے میں بہت بہتری آئی ہے، گورنر پنجاب نے کہاکہ میری کوشش ہے کہ ملتان سے مظفرگڑھ اور اسی طرح مظفرگڑھ سے میانوالی روڈ کو ون وے کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجند روڈکی بھی کشادگی کی جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی حتی الامکان کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوامی فلاح و بہبود کے کام کئے جائیں جس کے لئے ہم دن رات کوشاں ہیں،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ گورنرپنجاب کے عہدے پر ملک محمد رفیق ر جوانہ کا فائز ہونا جنوبی پنجاب کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے ،آپ ایک انتہائی مخلص اور دیانت دار انسان ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ تاجر برادری سے مکمل تعاون کرتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے، اس موقع پر مختلف تاجر رہنمائوں نے گورنر پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔