ملازمت کا جھانسہ دیکر سعودی عرب میں جنسی کاروبار کیلئے فروخت کی گئی بھارتی خاتون بازیاب

فروخت کرنے والے ایک ایجنٹ کو بھارتی ریاست گجرات اور ایک کو ممبئی سے گرفتار کرلیا گیا، جب کہ دیگر ایجنسٹس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں

منگل 21 مارچ 2017 17:14

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء) ملازمت کا جھانسہ دے کر سعودی عرب میں جنسی کاروبار کے لیے فروخت کی گئی بھارتی خاتون کو بازیاب کرالیا گیا۔دوسری جانب یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بھارت میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون کو ملازمت کا جھانسہ دے کر فروخت کرنے والے ایک ایجنٹ کو بھارتی ریاست گجرات اور ایک کو ممبئی سے گرفتار کرلیا گیا، جب کہ دیگر ایجنسٹس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایک سال قبل 35 سالہ خاتون کو ماہانہ 600 ڈالر یعنی بھارتی 40 ہزار روپے تنخواہ پر ملازمت دلوانے کا وعدہ کرکے دبئی لے جایا گیا تھا۔خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے مملکتی وزیر نے بتایا کہ خاتون کو بعد ازاں سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایک اور مالک کو فروخت کردیا گیا، جہاں اسے تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

(جاری ہے)

مملکتی وزیر کے مطابق بازیاب کرائی گئی خاتون کا ریاست گجرات کے ایک ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

انسانی اسمگلنگ کے خلاف کام کرنے والے ایک سماجی کارکن کے مطابق خلیج ممالک کے لیے بھارت کی جنوبی ریاستوں آندھرا پردیش، تلنگانہ، تامل ناڈو اور کیرالہ سے لوگوں کی زیادہ تر اسمگلنگ کی جاتی ہے، جب کہ دیگر ریاستوں سے ایسے کیسز شاذ و نادر ہی سامنے آتے ہیں۔ریاست گجرات کے وزیر تعلیم بھپندرا سنھ چاداسمہ کے مطابق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ خلیجی ممالک کے لیے زیادہ تر بھارت کی جنوبی ریاستوں سے انسانی اسمگلنگ کی جاتی ہے، مگر ہم گجرات میں اس کام میں ملوث دیگر افراد کی تلاش کر رہے ہیں، پولیس نے ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔بازیاب کرائی گئی خاتون کا تعلق ریاست گجرات کے ضلع ڈھولکا سے ہے، جہاں کی انتظامیہ خواتین کی اسمگلنگ کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔