بھارت، غیر قانونی مذبح خانوں کو گندگی نہیں پھیلانے دیں گے، وزیراعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ

پیر 27 مارچ 2017 11:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27مارچ۔2017ء)بھارت کی ریاست اترپردیش میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ وہ ریاست میں غیر قانونی مذبح خانوں کو گندگی نہیں پھیلانے دیں گے۔

(جاری ہے)

معروف غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ 'نیشنل گرین ٹریبیونل' نے گذشتہ دو برس کے دوران متعدد بار غیر قانونی مذبح خانوں کو ختم کرنے کا کہا ہے لیکن جو معیار پر پورا اتر رہے ہیں حکومت انھیں کچھ نہیں کہے گی۔

''جو احکام کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور غیر قانونی طور پر گندگی پھیلا رہے ہیں انہیں ایک عمل کے تحت ہٹایا جائے اور کسی کو صحت کے ساتھ کھیلنے کی چھوٹ نہیں ملنی چاہیے۔'خیال رہے کہ ریاست اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے آتے ہی بہت سے مذبح خانے بند ہونے شروع ہو گئے ہیں جس سے اس شعبے میں کام کرنے والے افراد اور کئی دیگر شعبے بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔