یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا سٹوروں پر چینی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ

پیر 27 مارچ 2017 11:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27مارچ۔2017ء) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی کم قیمتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سٹوروں پر چینی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے ،مقامی مارکیٹ میں اس وقت چینی کی قیمت 62روپے جبکہ سٹوروں پر فی کلو 65روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سٹوروں پر چینی کی فروخت میں بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق کارپوریشن کے انتظامیہ نے چینی کی فی کلو قیمت میں 3سے 5روپے تک کمی کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کے مطابق کارپوریشن کے ملک بھر میں 5ہزار سے زائد سٹوروں کی آنے والی سٹاک ٹیکنگ کے بعد چینی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے گاواضح رہے کہ اس وقت مقامی مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 62روپے ہے جبکہ یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی کی قیمت گذشتہ ایک سال سے 65روپے ہے اور سٹوروں پر چینی کی فروخت میں بے حد کمی واقع ہوئی ہے ذرائع کے مطابق کارپوریشن نے چینی کی حالیہ خریداری 58روپے 25پیسے فی کلو کے حساب سے کی ہے جبکہ مذید چینی کی خریداری میں کم ریٹس ملنے کا امکان ہے جس کے بعد کارپویشن کے ذمہ داروں نے سیل میں اضافے اور سٹوروں پر عوام کا اعتماد بحال رکھنے کیلئے چینی کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد کیا جائے گا واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران کارپوریشن نے مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا ہے جبکہ مختلف کمپنیوں کے برانڈڈگھی ،کوکنگ آئل، چائے اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کر چکی ہیں