پی یو سی کا حافظ طاہر اشرفی کے غیر ملکی معاہدوں کے شواہد ایف آئی اے اور نیب کو بھجوانے کا فیصلہ

پیر 27 مارچ 2017 11:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27مارچ۔2017ء)پاکستان علماء کونسل نے سابق چیرمین حافظ طاہر اشرفی کے غیر ملکی معاہدوں کے شواہد ایف آئی اے اور نیب کو بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،کونسل کے ترجمان مولانا عمر قاسمی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کی لیگل کمیٹی طاہر اشرفی کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے غیر ملکی معاہدوں کے شواہد ایف آئی اے اور نیب کو بھیج رہی ہے جس پر فوری انکوائری کیلئے درخواست کی جائے گی ۔

صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی پاکستان علماء کونسل کے باضابطہ چیئرمین ہیں اور طاہر اشرفی کی طرف سے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین کی کردارکشی کیخلاف بھی لیگل کمیٹی قانونی کارروائی کیلئے مشاورت کررہی ہے۔مولانا عمر قاسمی نے طاہر اشرفی کی طرف سے پاکستان علماء کونسل علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کو لیگل نوٹس دینے کے خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر اشرفی کی طرف سے کوئی لیگل نوٹس نہیں ملا۔

(جاری ہے)

طاہر اشرفی اس طرح کے پروپیگنڈے پاکستان علماء کونسل کے کارکنان میں انتشار پھیلانے کیلئے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور بعض اخبارات میں طاہر اشرفی کی طرف سے شائع ہونے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی اس طرح کا کوئی لیگل نوٹس پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹریٹ یا بیت قاسمی فیصل آباد کو موصول ہوا ہے۔