ہیلتھ بل پر ناکامی، اب اپنی ساری توجہ ٹیکس اصلاحات پر مرکوز کریں گے،صدر ٹرمپ

پیر 27 مارچ 2017 11:21

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27مارچ۔2017ء)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوباما کیئر کے نام سے مشہور ہیلتھ پروگرام کو ختم کرنے میں ناکامی کے بعد کہا ہے کہ وہ اب اپنی ساری توجہ ٹیکس اصلاحات پر مرکوز کریں گے۔معروف غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوٴس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب ٹیکسوں میں کٹوتی اور ٹیکسوں میں اصلاحات پر اپنی پوری توجہ مرکوز کریں گے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ انتظامیہ اوباما کیئر کے خاتمے سے ہونے والی بچت کو ٹیکسں کم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھی لیکن اس ہیلتھ بل کو ختم کرنے میں ناکامی کے بعد اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکسوں میں چھوٹ یا کمی کرنے کا اعلان کیا تو اس سے وفاقی بجٹ کے خسارے میں اضافہ ہو جائے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے صحت کی اصلاحات کے مسودہ قانون کی ناکامی کا قصوروار ڈیموکریٹ پارٹی کو ٹھہرایا ہے۔ کانگریس سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ کر پانے کے سبب یہ بل جمعے کو واپس لے لیا گیا تھا۔