پنجگور ،ْ ایرانی سرحدی محافظوں کی جانب سے فائر کئے گئے گولے کی زد میں آکر پاکستانی شہری جاں بحق

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت کریم جان کے نام سے ہوئی ،ْ گاڑی مکمل طورپر تباہ ،ْ مقامی انتظامیہ کا احتجاج ایف سی کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ،ْجاںبحق شخص کی لاش کو قریبی بنیادی مرکز صحت منتقل ایرانی سرحدی محافظوں کی جانب سے پاکستانی حدود کی مسلسل خلاف ورزی اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ،ْکمشنر مکران

ہفتہ 27 مئی 2017 14:17

پنجگور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء)ضلع پنجگور میں ایران کے سرحدی محافظوں کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولے کی زد میں آنے والی گاڑی میں سوار پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا۔کمشنر مکران بشیر بنگلزئی کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت کریم جان کے نام سے ہوئی جو واشک کا رہائشی تھا اور مارٹر گولے کا نشانہ بننے والی گاڑی کے اندر موجود تھا۔

کمشنر مکران کے مطابق حملہ ہفتہ کی صبح ساڑھے 6 بجے کیا گیا جس کی زد میں آنے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔واقعہ کے بعد لیویز اور فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ،ْجاںبحق ہونے والے شخص کی لاش کو قریبی بنیادی مرکز صحت منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر مکران نے کہا کہ ایرانی سرحدی محافظوں کی جانب سے پاکستانی حدود کی مسلسل خلاف ورزی اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ہم صوبائی اور وفاقی حکومت کو ایرانی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرچکے ہیں میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ایرانی حکام سے شدید احتجاج کیا جس کے بعد کل اتوار کو سرحدی حکام کی جانب سے فلیگ میٹنگ بلائی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران صوبہ بلوچستان میں سرحد کے قریب مسلح افراد اور ایرانی فورسز کی جھڑپ کے دوران 10 ایرانی سرحدی محافظوں کی ہلاکت کے بعد سے دونوں ممالک کی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔دوسری جانب ایرانی عسکریت پسند گروپ جیش العدل نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا ۔