خرم دستگیر خان کی چینی ہم منصب سے ملاقات ،ْ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

چینی وزیر دفاع وانگ فینگ کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام کی قربانیاں قابل تحسین ہیں ،ْدونوں ممالک کے مابین تعاون اور دفاعی شراکت داری کے باعث خطے میں اسٹرٹیجک توازن برقرار ہے ،ْملاقات میں بات چیت

منگل 24 اپریل 2018 22:43

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 اپریل 2018ء)چینی وزیر دفاع وانگ فینگ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام کی قربانیاں قابل تحسین ہیں ،ْدونوں ممالک کے مابین تعاون اور دفاعی شراکت داری کے باعث خطے میں اسٹرٹیجک توازن برقرار ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے چینی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی بریفنگ دی، پاکستان اور چین کے مابین شراکت داری بڑھانے سے متعلق مختلف امور بھی زیر غور آئے۔منگل کو وزیر دفاع خرم دستگیر نے چین کے وزیر دفاع وانگ فینگ سے ملاقات کی، چینی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دفاعی اور فوجی تعاون دونوں ممالک کے مابین اسٹرٹیجک تعاون شراکت داری کا اہم حصہ ہے، چین نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے، دونوں ممالک کے مابین تعاون اور دفاعی شراکت داری کے باعث خطے میں اسٹرٹیجک توازن برقرار ہے۔

(جاری ہے)

خرم دستگیر نے دونوں ممالک کے مابین شراکت داری بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی، انہوں نے چینی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چینی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج اور عوام کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ اس کے علاوہ خرم دستگیر نے ایس سی او کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر بیلا روس کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔