سعودی فورسز نے یمنی حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنادیا

پیر 7 مئی 2018 19:01

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 7 مئی 2018ء)سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز نے یمن کے حوثی باغیوں کے نجران کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کردیا۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ حوثیوں نے یمن کی حدود سے ایک بیلسٹک میزائل نجران کی جانب فائر کیا تھا مگر اس کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حوثی باغی ستمبر 2014 میں قانونی حکومت کے خلاف بغاوت برپا کرنے کے بعد سے یمن کی سرحد کے نزدیک واقع سعودی عرب کے جنوبی شہر نجران کی جانب لا تعداد میزائل داغ چکے ہیں۔سعودی حکام کے مطابق حوثی شہر پر اب تک 10 ہزار سے زیادہ راکٹ حملے کرچکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وہ جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے رہے ہیں مگر سعودی عرب کی شاہی فضائیہ حوثیوں کے ان تمام حملوں کو ناکارہ بناچکی ہے۔واضح رہے کہ رواں سال حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ ماہ بھی ریاض میں شارپنل لگنے سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :