صوبائی وزیر اقلیتی امور نے گوجرانوالہ میں سولہ سالہ گھریلو ملازمہ کی پراسرار ہلاکت کا نوٹس لے لیا

خلیل طا ہرسندھو کا کائنات کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

پیر 7 مئی 2018 23:44

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 7 مئی 2018ء)صوبائی وزیر برا ئے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طا ہرسندھو نے گوجرانوالہ میں سولہ سالہ گھریلو ملازمہ کائنات مسیح کی پراسرار ہلاکت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے کوٹلی بارے خان میں کائنات ولد سلامت مسیح کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے کائنات کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی ،صوبائی وزیر کو کائنات کے والد سلامت مسیح نے بتایا کہ اس کی بیٹی تھانہ صدر کے علاقہ واپڈا ٹائون میں چیئرمین ہیلتھ پنجاب کاشف اسمائیل کے گھر میں کام کرتی تھی اور گزشتہ روز اس کی ہلاکت ہوئی،ان کو شبہ ہے کہ موت کی وجہ تشدد ہے جبکہ موقع پر موجود ایس ایچ او غلام نبی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ کائنات کے والد کی مدعیت میں ایف آئی آر کا اندراج کیا جا چکا ہے جس میں تین لوگوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے تاہم پوسٹمارٹم رپورٹ کا انتظار ہے تاکہ تمام تر حقائق سامنے آسکیں، صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے کائنات مسیح کے والد کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر تمام تر معاملے کی انکوائری کرائیں گے اور کسی بھی قسم کی سفارش یاطاقت وغیرہ کو کیس میں اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سلامت مسیح کو کائنات کیس کو منطقی انجام تک جلد پہنچانے کیلئے محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے فری قانونی معاونت کی بھی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ کیس کی تفتیش میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور انصاف کے تمام تر تقاضے مکمل کیئے جائیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور اقتدار میں خواتین ،بچوں اور بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے، کائنات کیس میڈیا میں رپورٹ ہوچکا ہے اور آپ دیکھیں گے کہ حکومت پنجاب بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے اس کیس میں ہمیشہ کی طرح ہر قسم کی شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا اور پوسٹمارٹم رپورٹ آتے ہی کارروائی میں نمایاں تیزی آجائے گی ۔