سپریم کورٹ نے ڈی ٹی ایچ کی نیلامی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف

پیمرا اوردیگر چارفریقین کی اپیلیں منظور کر لیں، ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا

بدھ 9 مئی 2018 00:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 8 مئی 2018ء) سپریم کورٹ نے ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات براہ راست ناظرین کو پہنچانے سے متعلق نئی ٹیکنالوجی ڈی ٹی ایچ کی نیلامی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پیمرا اوردیگر چارفریقین کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا ہے ، منگل کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید ،جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 5رکنی لارجر بنچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجواب گزار انڈیپنڈنٹ نیوز پیپرز کمپنی (جنگ جیوگروپ ) کی جانب سے جام آصف محمود ، مس نور اعجاز چوہدری اورصائم ہاشمی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ، اس موقع پر جام آصف محمود نے اپنے دلائل میںموقف اختیار کیا کہ پیمرا آرڈیننس 2002ء میں کہیں پر بھی براڈ کاسٹر کے ڈسٹری بیوشن کا لائسنس لینے پر کوئی ممانعت نہیں ہے جبکہ دفعہ 25میں بتائی گئی کیٹیگری میں ہم فعال نہیں کرتے ہیں ،بلکہ اس کیٹیگری میں غیر ملکی کمپنیاں ،غیرملکی سرمایہ کاری اورغیرملکی شہری شامل ہیں، لیکن پیمرا نے اپنے قواعد بنا کر براڈ کاسٹرز پر پابندی عائد کی ہے ،جس کا اسے اختیار ہی نہیں تھا ،اسی بناء پر میرے موکلین نے اس اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا ،جہاں سے ہمارے حق میں فیصلہ آیا تھا ، انہوںنے کہا کہ پیمرا آردیننس 2002 ء کی دفعہ 23 میڈیا پر اجارہ داری سے متعلق ہے لیکن اس دفعہ میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہے کہ ایک براڈ کاسٹر ڈسٹری بیوٹر نہیں بن سکتا یا ایک ڈسٹری بیوٹر براڈکاسٹر نہیں بن سکتا ہے،ان کایہ بھی کہنا تھا کہ پیمرا کے قواعد خود پیمرا آردیننس 2002 ء سے ہی متصادم ہیں، انہوںنے اس حوالے سے مختلف فیصلوں کے حوالے پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا کاکام ریگولیٹ کرنا ہے،پابندیاں عاید کرنا نہیں ،وہ لائسنس کے اجراء کے بعد ریگولیٹ کر نے تک محدود ہو جاتا ہے ،اگر ایسی کوئی پابندی لگانا مقصود تھی تو پارلیمنٹ پہلے ہی لگا دیتی، فاضل وکیل کے دلائل ختم ہونے کے بعد فاضل عدالت نے اپنا مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے پیمرا اوردیگر چارفریقین کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا،عالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ تفصیلی وجوہا ت بعد میں لکھی جائیں گی ،یاد رہے کہ پچھلے سال پیمرا کی جانب سے براڈ کاسٹرز کو ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کے عمل سے روکنے کو انڈیپنڈنٹ نیوز پیپرز کمپنی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا ،جس پر فاضل عدالت نے نیلامی کیخلاف حکم امتناع جاری کیا تھا ،جس کے خلاف پیمرا نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی ،جس پر عدالت نے حکم امتناع ختم کرتے ہوئے پیمرا کو نیلامی کا عمل جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے اس عمل کو ہائی کورٹ کے حتمی فیصلہ کے ساتھ مشروط کردیا تھا ، اسی دوران پیمرا نے نیلامی کا عمل مکمل کیا اور گیارہ بولی دہندگان میں سے میگ انٹرٹینمنٹ ،سٹار ٹائمزاورشہزاد سکائی نے مجموعی طور پر15ارب روپے کی تین بولیاں لگائی ، جبکہ ہائی کورٹ نے انڈیپنڈنٹ نیوز پیپرز کمپنی کے موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ جاری کیا تھا ،جسے پیمرا اور دیگر تین کامیاب بولی دھندگان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔