عمرہ زائرین میں خطرناک مرض پھیلنے کی خبروں پر سعودی حکومت کی وضاحت

جمعرات 24 مئی 2018 09:50

مکہ مکرمہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 24 مئی 2018ء) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ رواں سال کے دورا ن میں عمرہ زائرین میں کسی وبائی مرض کے پھوٹنے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے اور مجموعی طور پر صحت کی صورت حال بہتر ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اس نے مکہ مکرمہ میں واقع اپنے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں عمرہ زائرین کو پیشگی حفاظتی تدابیر کی خدمات مہیا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس نے مزید کہا ہے کہ عمرہ زائرین میں کسی بھی وبائی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھرپورنگرانی کی جائے گی،مکہ کے شہریوں اور مکینوں میں موسمی انفلوئنزا اور گردن توڑ بخار سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کی مہم چلائی جائے گی۔سعودی وزارت صحت رمضان المبارک کے آغاز کے بعد سے مکہ مکرمہ میں اپنے سات ہسپتالوں میں اپنے تربیت یافتہ عملہ کے ذریعے عازمین عمرہ کو دن رات گھنٹے طبی خدمات مہیا کررہی ہے اور اس ضمن میں ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے۔اس کے علاوہ شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی میں بھی زائرین حرم کو طبی خدمات مہیا کی جارہی ہیں۔