افغان فورسز نے غلطی سے دومقامی پولیس کمانڈرسمیت نو شہری مار دئیے

چھاپوں کے دوران ایک گھر سے ہونے والی فائرنگ پر جوابی اقدام کیا، کارروائی غلطی سے ہوئی، گورنرکی تصدیق

منگل 29 مئی 2018 12:46

ننگر ہار (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 29 مئی 2018ء)افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں افغان فورسز نے کارروائی کے دوران مقامی پولیس کمانڈر سمیت 9 شہری ہلاک اور 8 زخمی کردیئے۔صوبہ ننگر ہار کے گورنر حیات اللہ حیات نے بھی چھپر ہار ڈسٹرکٹ میں غلطی کی بنیاد پر ہونے والی اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان حکام نے بتایاکہ افغان فورسز کی جانب سے غلطی سے ہونے والی ایک کارروائی کے دوران 9شہری مارے گئے جن میں مقامی پولیس کمانڈر بھی شامل ہے جبکہ اس واقعے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ۔

افغان حکام کے مطابق چھاپوں کے دوران ایک گھر سے ہونے والی فائرنگ پر کارروائی کی گئی،یہ کارروائی غلطی سے ہوئی، جس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔صوبہ ننگر ہار کے گورنر حیات اللہ حیات نے بھی چھپر ہار ڈسٹرکٹ میں غلطی کی بنیاد پر ہونے والی اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ننگر ہار کے ایک اسپتال کے ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کے 9 ہلاک شدگان کی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔واضح رہے کہ اس مشرقی افغان علاقے میں افغان طالبان اور داعش کافی سرگرم ہیں