Blood Pressure - Kam Ya Ziyada Hone Ki Wajohat - Article No. 2117

Blood Pressure - Kam Ya Ziyada Hone Ki Wajohat

بلڈ پریشر․․․کم یا زیادہ ہونے کی وجوہات - تحریر نمبر 2117

ذہنی دباؤ سے بچاؤ‘ورزش اور متوازن خوراک کا استعمال بلڈ پریشر نارمل رکھنے میں معاون ہے

پیر 29 مارچ 2021

جسم میں خون کی گردش اور اس کا دباؤ جسمانی نظام کی کارکردگی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ بلڈ پریشر میں زیادتی یا کمی مجموعی جسمانی صحت کو متاثر کرتی ہے۔ماہرین کے مطابق صحت مند اور متوازن بلڈ پریشر 120/80 کے درمیان ہونا چاہیے نیز 140/90 سے کم بلڈ پریشر مستقبل کی صحت کے لئے بہتر ہوتا ہے جبکہ 140/90 سے زیادہ بلڈ پریشر صحت کے لئے خطرناک ثابت ہوتا ہے اور اسے ہائی بلڈ پریشر کہتے ہیں ہائی بلڈ پریشر دل کے ساتھ خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا کر کئی بیماریوں فالج‘گردے کے امراض‘دل کے دورے و دیگر امراض قلب کا سبب بنتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر کی کئی وجوہات ہوتی ہیں خصوصاً ذہنی عوامل‘خون کے دباؤ پر زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں جیسے غصے و پریشانی کی کیفیت یا چیخنے چلانے سے بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور جسمانی وجوہات میں نمک کا زائد استعمال ‘تمباکو نوشی‘ ورزش نہ کرنا،موٹاپا و دیگر عناصر شامل ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)


اسی طرح لو بلڈ پریشر بھی ٹھیک نہیں ہوتا اس میں دماغ کو آکسیجن کی فراہمی بہتر انداز میں نہیں ہو پاتی ہے۔

بلڈ پریشر آلے کی مدد سے خون کے دباؤ کی پیمائش کی جاتی ہے۔آلے میں دو نمبر ہوتے ہیں پہلا نمبر خون کی شریانوں و وریدوں کے اس دباؤ کو ظاہر کرتا ہے،جب دل سکڑتا ہے اور سکڑنے کی وجہ سے دھڑکن پیدا ہوتی ہے،ہر دھڑکن پر خون قلب سے نکل کر خون کی شریانوں اور نالیوں کے ذریعے پورے جسم میں پھیلتا ہے یہ وہی دباؤ ہے جس کے تحت خون کی نالیوں میں گردش کرتا ہے۔
اسی بلڈ پریشر کو Systellic بلڈ پریشر کہتے ہیں اور جب دل سکڑنے کے مرحلے سے نمٹنے کے لئے خون سے بھرتا ہے اس وقت پریشر کم ہوتا ہے اسے ڈایا سٹولک پریشر کہتے ہیں۔
بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لئے خصوصی ادویہ تجویز کی جاتی ہیں۔اسی طرح بلڈ پریشر متوازی رکھنے کے لئے بلڈ پریشر کے مریض کئی گھریلو طریقے بھی اختیار کرتے ہیں مثلاً ہائی بلڈ پریشر میں سیب کھانا مفید ہوتا ہے،باقاعدگی سے لیموں کا رس پانی میں ملا کر پینے سے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے،لسی پینا ہائی بلڈ پریشر اور لو بلڈ پریشر دونوں میں مفید ہے۔
بلڈ پریشر کو گھٹنے یا بڑھنے سے روکنے کے لئے ضروری ہے کہ روز مرہ کے معمول میں ورزش اور متوازن خوراک کا استعمال بڑھائیں،پانی زیادہ پئیں،ذہنی دباؤ سے محفوظ رہیں اور 40 سے زائد عمر کے افراد باقاعدگی سے بلڈ پریشر چیک بھی کرواتے رہیں۔

Browse More Blood Pressure