Buland Fishar E Khoon - Article No. 2810

Buland Fishar E Khoon

بُلند فشارِ خون - تحریر نمبر 2810

ہائی بلڈ پریشر سے متاثرہ مریضوں کے لئے احتیاطی تدابیر درج کی جا رہی ہیں، جن پر عمل کر کے خون کا دباؤ کنٹرول میں رکھا جا سکتا ہے

منگل 30 جنوری 2024

ڈاکٹر عمران شیخ، اسلام آباد
فشارِ خون یا بلڈ پریشر کو دو اقسام میں منقسم کیا جا سکتا ہے۔پہلی قسم بُلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر/ہائپر ٹینشن) اور دوسری قسم کم فشارِ خون (لو بلڈ پریشر/ہائپو ٹینشن) کہلاتی ہے۔ان میں اوّل الذکر قسم ایسی ہے،جو زیادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ذیل میں ہائی بلڈ پریشر سے متاثرہ مریضوں کے لئے احتیاطی تدابیر درج کی جا رہی ہیں،جن پر عمل کر کے خون کا دباؤ کنٹرول میں رکھا جا سکتا ہے،لیکن اس کے ساتھ ادویہ کی مقررہ کردہ خوراک کا وقت پر استعمال ازحد ضروری ہے۔

سرخ گوشت کا استعمال کم سے کم کریں۔اگر استعمال کرنا پڑے تو اس میں چربی کا تناسب کم سے کم ہو۔مچھلی اور مرغی کا گوشت استعمال کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ اسے تلنے کی بجائے پکا کر کھایا جائے۔

(جاری ہے)


ہر قسم کی میٹھی چیزوں سے پرہیز کیا جائے۔ان اشیاء کے مقابلے میں پھلوں کو ترجیح دیں۔
اپنی خوراک کے استعمال میں حراروں کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔


نمک کا استعمال کم سے کم کریں،بلکہ کھانے والی میز سے نمک دان اُٹھا دیں اور اُوپر سے نمک چھڑکنے کی عادت ختم کریں۔
کھانا صحیح مقدار میں اور اچھی طرح چبا چبا کر کھائیں۔جب تھوڑی بھوک رہتی ہو،تو کھانے سے ہاتھ کھینچ لیں۔بغیر بھوک کے کبھی بھول کر بھی کھانا نہ کھائیں،کیونکہ بھوک میں کھانا نہ کھانا اتنا نقصان دہ ثابت نہیں ہوتا،جتنا بغیر بھوک کے کھانا کھایا جائے۔

دن میں تین مرتبہ پیٹ بھر کر کھانا کھانے کی بجائے چھ مرتبہ کم مقدار میں کھانے کی عادت ڈالیں۔تھوڑی تھوڑی مقدار میں کھانے سے جسم میں کولیسٹرول کی سطح نارمل رہتی ہے اور ہائی بلڈ پریشر کے مرض سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
ڈبہ بند غذائیں اور بازاری اشیاء سے مکمل اجتناب برتیں۔
نمک،مرچ،گرم مصالحے،چٹنی،اچار،مربے،جام،جیلی اور اس طرح کی دیگر اشیاء کا استعمال نقصان دہ ہوتا ہے،ان سے پرہیز کریں۔

اپنی غذا کو دو اجزاء پر مشتمل رکھیے۔ایک حصے میں پھلوں،سبزیوں،سلاد اور دودھ شامل ہوں اور دوسرے حصے میں نشاستے اور لحمیات والی غذائیں ہوں۔ان دونوں اجزاء میں چار اور ایک کی نسبت قائم رکھیے۔مثال کے طور پر اگر آپ 80 گرام کی اشیاء پہلے حصے میں سے کھا رہے ہیں،تو دوسرے حصے میں سے صرف 20 گرام وزن کی اشیاء کا انتخاب کیجیے۔
چائے،کافی اور کولا مشروبات کا استعمال نہ کریں تو بہتر ہے۔
اگر چائے ترک کرنے میں دشواری ہو تو دن بھر میں دو کپ سے زیادہ چائے ہر گز نہ پئیں۔
معالج کے مشورے سے کبھی کبھار فاقہ کریں۔اس کے ذریعے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے،بلکہ اس سے معدے کے کئی عوارض سے بھی نجات ملتی ہے۔
معالج کے مشورے سے مناسب ورزش کریں۔ورزش نہ صرف معمول کی صحت کے لئے ضروری خیال کی جاتی ہے،بلکہ اس سے بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت مضبوط ہوتی ہے۔

Browse More Blood Pressure