Aankhen Surkh Hone Ki Wajah Kya Hai - Article No. 2611

Aankhen Surkh Hone Ki Wajah Kya Hai

آنکھیں سرخ ہونے کی وجہ کیا ہے - تحریر نمبر 2611

آنکھوں کا لال ہونا اکثر افراد نظر انداز کر دیتے ہیں لیکن اگر آنکھیں سرخ ہو جائیں اور اس میں جلن ہونے کے ساتھ زرد رنگ کا پانی بھی نکلنے لگے تو یہ بینائی سے جڑے کسی بیماری کا سبب بھی ہو سکتا ہے

ہفتہ 31 دسمبر 2022

ہماء غفار
آنکھیں ہمارے جسم کا انتہائی اہم لیکن حساس اور نازک حصہ ہے اکثر اوقات آنکھیں سرخی مائل ہو جاتی ہیں جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔دراصل وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان کے معمولات زندگی بدل گئے ہیں۔دیر تک جاگنا۔پہلے صرف ٹی وی تھا اب ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں ہر انسان کے ہاتھ میں موبائل نے اسکرین ٹائم بڑھا دیا ہے اور کام یا تفریحاً کمپیوٹر یا موبائل فون پر ہر وقت نظریں جمے رہنے سے آنکھوں سے متعلق امراض سامنے آ رہے ہیں۔

آنکھوں سے متعلق سب سے بڑا مسئلہ جو تقریباً ہر شخص کو درپیش رہتا ہے وہ آنکھوں کا سرخ ہو جانا ہے جو عموماً آنکھ میں گرد یا دھواں جانے کے باعث بھی ہوتا ہے لیکن یہ کسی بینائی سے جڑی کسی بیماری کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین امراض چشم کہتے ہیں کہ آنکھوں کا سرخ ہونا یا انفیکشن ہونا اب عام ہو گیا ہے اور ہر دسواں شخص اس سے متاثر ہے جس کی بڑی وجہ تو ہمارا طرز زندگی اور بے احتیاطیں ہی ہیں لیکن کبھی یہ کسی انفیکشن کے سبب بھی ہو سکتا ہے۔


آنکھوں کا لال ہونا اکثر افراد نظر انداز کر دیتے ہیں لیکن اگر آنکھیں سرخ ہو جائیں اور اس میں جلن ہونے کے ساتھ زرد رنگ کا پانی بھی نکلنے لگے تو یہ بینائی سے جڑے کسی بیماری کا سبب بھی ہو سکتا ہے اور اس کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کووڈ یعنی کورونا جو عام طور پر دل اور پھیپھڑوں کے انفیکشن سے منسلک ہے لیکن اس کی وجہ سے آنکھوں میں بھی انفیکشن ہو سکتا ہے کووڈ 19 آنکھوں سے داخل ہو کر آنکھ کے پیچھے دماغ تک جا سکتا ہے آنکھوں کا لال ہونا کووڈ کا سائیڈ افیکٹ بھی ہو سکتا ہے۔

آنکھیں کئی بار الرجی کے باعث بھی سرخ ہو جاتی ہیں۔ماہر ڈاکٹر اس کا علاج اچھے آئی ڈراپ کے ذریعے تجویز کرتے ہیں۔اس کے علاوہ بلیفرائٹس آنکھوں کی ایک بیماری ہے یہ بیماری بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔کئی بار غلط یا ایکسپائر بیوٹی پروڈکٹ کے استعمال سے بھی بلیفرائٹس ہوتا ہے بلیفرائٹس کی وجہ سے آنکھیں لال ہو جاتی ہیں۔

Browse More Eyes