Ananas Say Kayi Amraaz Ka Khtama - Article No. 1485

Ananas Say Kayi Amraaz Ka Khtama

انناس سے کئی امراض کا خاتمہ - تحریر نمبر 1485

انناس پوٹا شیئم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔اکثر افراد اس میں شامل ایک اہم نمک سے واقف نہیں ہیں ،حالانکہ یہ نمک جسم میں

ہفتہ 9 فروری 2019

کرن حیا فاروقی
انناس قدرے مہنگا پھل ہے ۔اس کا ذائقہ ترش وشیریں ہوتا ہے ۔یہ جزیرہ ہوائی،برازیل،فلپائن ،
انڈونیشیا ،سری لنکا،تھائی لینڈ اور یورپی ملکوں میں کاشت کیا جاتا ہے ۔سخت پتوں میں چھپے اس پھل کو ستر ھویں صدی میں ”پائن ایپل“(PINEAPPLE) کانام دیا گیا۔اسے کچا اور پکادونوں حالتوں میں کھایا جاتا ہے ۔اس کا رس بھی پیا جاتا ہے ۔

انناس کے پتے ”وال پیپر“(WALL PAPER) بنانے کے کام آتے ہیں ۔
انناس غذائیت سے بھرپورپھل ہے ۔اس میں حرارے (کیلوریز)،لحمیات (پروٹینز)،نشاستہ
(کار بو ہائڈریٹ )،سوڈےئم،پوٹاشےئم،فولاد،تھایامن،نایاسن،رائبوفلاون،تانبا،کیلسےئم،مینگنیز، ،میگنیزےئم،چربی ،ریشہ،بیٹا کیروٹین(BETACAROTENE) اور حیاتین الف،ب 6اور ج(وٹامنز اے ،بی 6اور سی )ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)


انناس کھانے سے جوڑوں کا درد سوزش اور عضلاتی کھچاؤ دُور ہوجاتا ہے ۔اس میں ایک خاص جزو
”برومیلین“(BROMELAIN)پایاجاتا ہے ،جو ہڈیوں کے بھُر بھُرے پن
(OSTEOPOROSIS)ختم کرتا ہے ۔قوتِ مدافعت میں اضافے کے لیے انناس مفید ہے ،
اس لیے کہ اس میں حیاتین ج ہوتی ہے ،جو قوتِ مدافعت بڑھاتی ہے ۔یہ حیاتین خون کے سفید خلیات(سیلز)کو بھی متحرک کرتی ہے۔

انناس مانع تکسید(ANTIOXIDANT)پھل ہے ،جو آزاد اصلیوں
(FREE RADICALS) سے پہنچنے والے نقصانات سے بچاتا ہے ۔انناس ہضم کے نظام کو بہتر کرتا ہے ۔اس کے علاوہ کو لاجن (COLLAGEN) کی مقدار بڑھاتا ہے ۔یہ ایک ریشے دار مادّہ ہے ،جو جلد کو جھُریوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔چونکہ انناس میں حیاتین الف،بیٹا کیروٹین ،فلیوونائڈز
(FLAVONOIDS)اور مینگنیز ہوتی ہے ،اس لیے یہ سرطان سے بچاتا ہے ۔
یہ قبض اور اسہال کو ختم کرتا اور دل کو تقویت دیتا ہے ۔انناس کو گرمی اور سردی دونوں موسموں میں کھایا جا سکتا ہے ۔جو افراد سانس کی تکلیف،کھانسی یا نز لے زکام میں مبتلا ہوں ،انھیں انناس کھانا چاہیے،فائدہ پہنچاتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ دوران خون کو رواں رکھنے ،بینائی کو بہتر کرنے اور دانتوں کے امراض سے محفوظ رکھنے میں بھی معاون ہے ۔
ڈبا بند انناس کے مقابلے میں تازہ پھل زیادہ غذائیت بخش ہے ،لیکن لوگ اسے محض اس لیے نہیں کھاتے کہ اس کو چھیل کر گودے کو نکالنا مشکل کام ہے ۔
انناس پوٹا شیئم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔اکثر افراد اس میں شامل ایک اہم نمک سے واقف نہیں ہیں ،حالانکہ یہ نمک جسم میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے ۔یہ پھل اُن افراد کے لیے بے حد مفید ہے ،جنھیں معالج نے سوڈےئم کم مقدارمیں کھانے کی ہدایت کی ہو،مثلاً ہائی بلڈ پریشر کے مریض۔
بازار میں جو انناس ملتا ہے ،وہ بالعمول پکا ہوا ہوتا ہے ۔
اسے زیادہ دنوں تک رکھنے سے اس کی مٹھاس میں اضافہ نہیں ہوتا،اس لیے کہ رکھنے سے وہی پھل میٹھے ہوتے ہیں ،جن میں نشاستے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے ،مثلاً آم اور کیلا وغیرہ۔انناس میں نشاستہ کم ہوتا ہے ۔انناس بڑ ا خریدنا چاہیے،اس لیے کہ یہ جتنا بڑا ہوگا،اس میں گودا بھی اتنا ہی زیادہ ہو گا۔انناس کا نہ صرف گودا بہت مزے دار ہوتا ہے ،بلکہ اس کی خوشبو بھی فرحت بخش ہوتی ہے ۔

Browse More Ghiza Aur Sehat