Detox Juice Kis Tarhan Faida Mand Hai! - Article No. 1642

Detox Juice Kis Tarhan Faida Mand Hai!

ڈیٹوکس جوس کس طرح فائدہ مند ہیں! - تحریر نمبر 1642

حالیہ برسوں کے دوران’ڈیٹوکس جوس ڈائٹ‘کا ٹرینڈ کا فی مقبول ہوا ہے۔وزن کم کرنے کے حوالے سے ڈیٹوکس جوسز کا انتخاب تمام طریقوں میں سب سے آسان تسلیم کیا جاتا ہے۔

پیر 5 اگست 2019

رابعہ شیخ
حالیہ برسوں کے دوران’ڈیٹوکس جوس ڈائٹ‘کا ٹرینڈ کا فی مقبول ہوا ہے۔وزن کم کرنے کے حوالے سے ڈیٹوکس جوسز کا انتخاب تمام طریقوں میں سب سے آسان تسلیم کیا جاتا ہے۔یہ بہت زیادہ پھل اور سبزیاں استعمال کیے بغیرکسی بھی انسان کا وزن دنوں میں کم کر سکتے ہیں۔2010ء میں آسٹریلیا میں ڈیٹوکس جوسز سے متعلق کی گئی ایک تحقیق کے دوران وزن کم کرنے کے خواہشمندموٹے افراد کو 60دنوں تک ڈیٹوکس جوس پلایا گیا،جس کے بعد ان افراد کے وزن میں 100پاؤنڈ کی حیرت انگیز کمی دیکھنے میں آئی۔

تحقیقی ماہرین کے مطابق اسمارٹ نظر آنے کے خواہش مند افراد،جو ایک دن میں 6سے8سبزیوں کا استعمال بمشکل کرتے ہیں،ان کے لیے ڈیٹوکس جوس بہترین انتخاب ہو سکتاہے۔
ڈیٹوکس جوس کیاہے؟
ڈیٹوکس جوس ایک غذائیت بخش خوراک ہے،جو مختلف طریقوں سے پھلوں اور سبزیوں سے حاصل کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈیٹوکس جوس اضافی وزن میں کمی کے خلاف جنگ کے لیے موٴثر ہتھیار ثابت ہوتاہے۔

یہ جسمانی اعضاء مثلاً جگر اور نظام انہضام کی صفائی کرتے ہوئے جسم میں پانی کی کمی بھی پوری کرتاہے۔ڈیٹوکس جوس آپ کووہ اضافی غذائیت فراہم کرتا ہے ،جو عام طور پر خوراک میں شامل نہیں ہوپاتی۔
فوائد
درج ذیل خصوصیات کی وجہ سے دنیا بھر کے سیلیبرٹیزسمیت عام افرادگرین ڈیٹوکس جوس استعمال کرتے ہیں۔
وزن میں تیزی سے کمی لاتاہے۔

غذائیت جذب کرنے کی صلاحیت بہتر بناتاہے۔
کولیسٹرول میں کمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔
جسم میں شوگر لیول کم کرتاہے۔
جلد کی تروتازگی میں اضافہ ہوتاہے۔
خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ استعمال ممکن ہو جاتاہے۔
ایتھلیٹس کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔
جسم سے اضافی چربی پگھلانے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری مواد کو بھی خارج کرتاہے۔

وزن میں کمی
وزن میں تیزی سے کمی لانے کے لیے ڈیٹوکس جوس کا استعمال دو طریقوں سے زیادہ فائدہ مند ہیں۔
پہلا طریقہ:اس میں آپ کچھ عرصے تک وقفے و قفے سے صرف جوس ڈائٹ پر ہی گزارا کرتے ہیں۔اس دوران ٹھوس غذاؤں سے مکمل طور پر اجتناب برتا جاتاہے۔اس طریقے کو اپنا نے کے لیے ماہرین طبی معالج کا مشورہ لازمی قرار دیتے ہیں۔

دوسرا طریقہ:اس کے تحت جوس کے ساتھ متوازن غذاکا استعمال بھی یقینی بنایا جاتاہے۔اس دوران زیادہ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل غذائیں مثلاً چاول،پاستا،سوڈا،پیک جوسز،تلی ہوئی اشیاء اور پروسیسڈ فوڈ کے بجائے صحت مند متبادل تلاش کیا جاتاہے۔یوں سمجھ لیں کہ وزن کم کرنے اور صحت مند رہنے کے حوالے سے یہ طریقہ مرد اور خواتین دونوں ہی کے لیے بہترین تصور کیا جاتاہے۔
اس حوالے سے چند بہترین ڈیٹوکس جوسزریسیپی قارئین کی نذر کررہے ہیں۔
گرین ڈیٹوکس جوس
ڈیٹوکس واٹر کی ایک قسم گرین ڈیٹو کس ہے،جو تمام اقسام میں سب سے زیادہ ذائقہ دار اور غذائیت بخش ہے ۔یہ جوس ہرے پھلوں اور سبزیوں سے تیار کیا جاتا ہے،جو جسم سے اضافی چربی تیزی کے ساتھ پگھلانے میں مدد دیتی ہیں۔اس جوس کا استعمال آپ ایک سخت دن گزارنے سے پہلے یا بعد میں کسی بھی وقت کر سکتے ہیں۔
یہ جوس آپ کو ریچا رج کرنے میں مدد دے گا۔گرین ڈیٹوکس بنانے کے لیے ہرے سیب استعمال کریں کیونکہ یہ غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں ۔ساتھ ہی یہ وٹامن سی کا مجموعہ اور پولی فینول پر مشتمل ہوتے ہیں جوکہ صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔اس کو بنانے کے لیے 2ہرے سیب،اجوائن کے پودے کا تنا بغیر پتوں کے،ایک کھیرا،بروکلی(بندگوبھی نما سبزی)،آدھا لیموں ،ادرک اورپودینے کے چند پتے لیں۔
ان تمام اجزاء کو بلینڈمیں ڈال کر اچھی طرح سے بلینڈ کرلیں تو گرین ڈیٹوکس جوس تیار ہو جائے گا۔
گرین اسپنیچ لیمنیڈ
ڈیٹوکس جوس کی ایک اور غذائیت بھری ریسیپی گرین اسپنیچ لیمنیڈ کی ہے،جو توانائی بڑھانے کا ذریعہ ہے۔گرین اسپنیچ لیمنیڈ بنانے کے لیے آپ کو ایک کپ پالک،2اجوائن کے تنے،4بروکلی،ایک ٹکڑا ادرک اور 2سیب درکار ہوں گے۔
اس ریسیپی میں بروکلی غذائیت سے بھر پور ہوتی ہے جبکہ کیلوریز کی مقدار نہایت کم پائی جاتی ہے۔پالک کے فوائد جاننے سے متعلق سائنسدانوں کے ایک گروپ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا کہ جوس کی شکل میں پالک انسانی جسم کے لیے جتنی مفید ہے،اتنی پکاکرکھانے میں نہیں۔جوس کومزیدذائقہ دار بنانے کے لیے آپ تھوڑی سی مقدار میں شہد کا استعمال بھی کر سکتے ہیں،یہ پالک اور بروکلی کی کڑواہٹ کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہو گا۔

گاجر اور سیب کا جوس
گاجر اور سیب سے حاصل کیا گیاڈیٹوکس جوس بھی ذائقہ دار اور غذائیت بخش ہوتا ہے ۔یہ دونوں اجزاء وٹامن ،منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے مالا مال ہوتے ہیں۔غذائی اعتبار سے گاجر وٹامن اے کا بہترین ذریعہ ہے ،اس میں کیروٹین نامی مادہ جو کہ وٹامن کی ابتدائی شکل ہوتا ہے ،وافر مقدارمیں پایا جاتا ہے ۔یہ جزو جگر کی مد د سے وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔گاجر میں وٹامن اے کے علاوہ وٹامن بی ،وٹامن کے اور پوٹاشیم بھی اچھی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔گاجر اور سیب کاڈیٹوکس جوس بنانے کے لیے ایک بڑا سیب(چار حصوں میں کٹا ہوا)،15اونس پائن ایپل،دوبڑی گاجریں اور دوٹکڑے تازہ ادرک درکار ہو گا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat