Gazayi Mamolaat Aur Ap Ki Sehat - Article No. 2070

Gazayi Mamolaat Aur Ap Ki Sehat

غذائی معمولات اور آپ کی صحت - تحریر نمبر 2070

طبی ماہرین کے مطابق جسم کو بھرپور خوراک مہیا کرنے کے درمیان طویل وقفے جسمانی کیمیائی مادوں(خون‘شوگر اور انسولین)کی مقدار میں کمی یا اس کے عمل کو بے ربط کر سکتے ہیں

پیر 1 فروری 2021

عمومی مشاہدہ ہے کہ چاہے اسکول جانے والے بچے ہوں یا ریسرچ اسٹیڈی کرنے والے یونیورسٹی کے طلبہ ہوں۔ملازمت پیشہ افراد ہو یا خالص گھریلو خاتون‘ترقی پذیر و ترقی یافتہ مصروف شہروں میں رہنے والے افراد عموماً صبح کا ناشتہ عجلت میں چلتے پھرتے کرتے ہیں ‘دوپہر کا کھانا 10 منٹ کے انتہائی تنگ وقت میں کھاتے ہیں جبکہ رات کا کھانا بڑے اہتمام سے خوب سیر ہو کر کھاتے ہیں۔
اس طرح کا غذائی معمول گویا کہ انتہائی مصروف ترین دن کے معمولات کے عین مطابق ہی سہی لیکن یہ ہر گز صحت مندانہ غذائی توازن کے حوالے سے صحیح نہیں ہے۔تحقیق کاروں کے مطابق 24 گھنٹے میں محض ایک مرتبہ بھرپور غذا کھانا وہ بھی سونے سے عین پہلے کسی بھی طرح صحت کے لئے فائدہ مند نہیں ہے۔
اپنے جسم کی مشین کو تمام دن انتہائی قلیل ایندھن (غذا) مہیا کرکے پورے وقت اسے متحرک رکھنا اور دن کے اختتام پر اُسے حد سے زیادہ ایندھن (غذا)فراہم کرکے جسم کو بھرپور آرام کا موقع دے دینا آپ کو ذہنی‘جسمانی اور نفسیاتی طور پر ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جسم کو بھرپور خوراک مہیا کرنے کے درمیان طویل وقفے جسمانی کیمیائی مادوں Body Chemicals (خون‘شوگر اور انشولین) مقدار میں کمی یا اس کے عمل پذیری کو بے ربط کر سکتے ہیں۔رات میں کھائی جانے والی بھرپور و متوازن غذا کسی بھی طور پر ‘صبح نہ کیے جانے والے ناشتے اور دن میں چکھنے کے مترادف کھائے جانے والے کھانے سے جسم کو دن بھر غذائی بے ضابطگی سے پہنچنے والے نقصان کی ہر گز تلافی نہیں کر سکتی۔

بہت سے غذائی عناصر جیسے پروٹین اور کیلشیم تھوڑی تھوڑی مقدار میں دن کے وقت استعمال کیے جائیں تو وہ جلد جزو بدن بنتے ہیں بہ نسبت رات کے وقت بڑی مقدار میں انہیں لینے سے ہمارا جسم اسے ہضم کرنے سے قاصر رہتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ دن میں ایک مرتبہ بھرپور غذا کھانے والے افراد میں پروٹین اور کیلشیم کی کمی پائی جاتی ہے خصوصاً چھوٹے بچے و طالب علموں میں یہ کمی زیادہ پائی جاتی ہے‘تحقیق کاروں کے مطابق ایسے افراد جو اپنا وزن کم کرنے کے چکر میں سارا سارا دن بھوکے رہتے ہیں اور صرف ایک مرتبہ رات میں کھانا کھاتے ہیں وہ بھی موٹاپے کی طرف سے ہوشیار رہیں کیونکہ اس عمل سے ا ن کا وزن کم ہونے کے بجائے بڑھے گا کیونکہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں پورے دن کھانا کھا کر اپنے جسم کو متحرک رکھنے سے تو وزن کم ہو سکتاہے لیکن رات میں بھرپور خوراک استعمال کرکے سو جانے سے جسم میں فالتو چربی جمع ہونے لگتی ہے تو پھر اس طرز عمل سے وزن کم ہو سکتا ہے؟آپ خود سوچئے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat