Lobia - Sehat Bakhash Gazai Hathiyar - Article No. 1816

Lobia - Sehat Bakhash Gazai Hathiyar

لوبیا․․․صحت بخش غذائی ہتھیار - تحریر نمبر 1816

یہ اناج متعدد بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرتاہے

ہفتہ 22 فروری 2020

صحت اور غذاؤں کی افادیت کی سوجھ بوجھ رکھنے والے سبزیوں اور اناج کا استعمال کرتے ہیں اور کیوں نہ ہو کہ ان میں بیماریوں سے لڑنے کی قوت اور دیگر فوائد بھی بدرجہ اتم موجود ہیں ۔لوبیا اور اسی خاندان کی دوسری پھلیوں کا استعمال بے حد مفید ہوتاہے ۔اور ہم منہ کے ذائقے یا چٹخارے کے لئے کبھی گوشت تو کبھی سلاد کی ڈریسنگ کے ساتھ اسے دستر خوان پر جگہ دیتے ہیں ۔
آج لوبیا کی طبی افادیت سے متعلق مفید باتیں پڑھتے چلئے۔
یہ بلڈ پریشر کو متوازن رکھے
آٹھ مختلف مطالعوں سے ثابت ہوا ہے کہ لوبیا کھانے والے بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں بشر طیکہ وہ دوسری بداحتیاطیاں نہ کریں ۔لوبیا کا سالن بناتے وقت نمک کی مقدار زیادہ نہ بڑھائیں اور صحت بخش پکانے کا تیل بھی استعمال کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ غذائیت اور ذائقہ بر قرار نہ رہے۔

(جاری ہے)


بڑھاپے کا عمل سست کرے
پھلیوں میں ایک خاص جزو ریسورئر ول پایا جاتاہے جو DNAکی ٹوٹ پھوٹ کو روکتاہے اور عمر رسیدگی کے اثرات کو بھی کم کرتاہے۔ خاص طور پر گہرے رنگ کی لوبیا میں یہ جزو خاص مقدار میں موجود ہوتاہے ۔اپنی خوراک میں اس کا مناسب استعمال کرکے ہم چہرے سے جھریاں اور بڑھتی عمر کے اثرات کم کر سکتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ
انسانی جسم میں آزاد اصلئے یعنی فری ریڈکلز سے دماغ ،جسم کے دفاعی نظام اور بیرونی جلد پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سبز چائے ،بلیو بیریز اور انار وغیرہ میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس اس نقصان کا ازالہ کرتے ہیں۔چھوٹی سبز اور بڑی سرخ لوبیا میں اینٹی آکسیڈنٹس کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں یہ موٹاپے اور شوگر کے انزائمز کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔
کینسر کے لئے سپر فوڈ
امراض قلب کے بعد بالغ افراد میں موت کی ایک اہم وجہ کینسر بھی ہے ۔
قدرت نے لوبیا میں ایسی مزاحمتی خوبی رکھی ہے جو پندرہ دن میں دوبار بھی لوبیا کھالے وہ کینسر سے حتی الامکان حد تک محفوظ رہ سکتاہے ۔لوبیا میں ایک خاص جزو IP6پایا جاتاہے جو کینسر سے لڑنے میں مدد دیتاہے ۔جن خاندانوں کی کیس ہسٹری میں یہ مہلک مرض موجود ہو انہیں بطور خاص لوبیا کھانا چاہئے اور بچوں کو بھی کسی نہ کسی شکل میں کھانے کی عادت ڈالنی چاہئے۔

خراب کولیسٹرول کم کرے
خراب کولیسٹرول کی بڑھتی ہوئی شرح سے امراض قلب کے خطرات جنم لیتے ہیں اور عمر کے چالیسویں عشرے سے خراب کولیسٹرول کی بڑھتی مقدار پر قابو پانے کے لئے جہاں دو ا کا استعمال کیا جاتاہے وہیں غذائی احتیاط بھی کرنا ضروری ہے ۔ایسے متاثرہ افراد اگر روزانہ مٹھی بھر لوبیا کسی شکل میں کھالیا کریں تو دل کے امراض کا خطرہ 25فیصد تک کم ہو سکتاہے ۔
یہ خیال رہے کہ کوئی بھی غذا مکمل اور بھر پور دوا نہیں ہوتی ہاں مگر ڈاکٹر کی تجویز کردہ دواؤں کے ساتھ بد پرہیزی کرنا اپنے آپ کو خطرے سے دوچار کرنا ہوتاہے۔
وزن گھٹانے میں مدد کرے
سوئیڈن میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق 35موٹے افراد کو روزانہ چار مرتبہ آٹھ ہفتوں تک لوبیا کھلایا گیا پہلے ان کا وزن ،جسمانی کیفیت، کولیسٹرول اور شوگر چیک کی گئی۔
آٹھ ہفتوں بعد ان کا بلڈ پریشر نارمل ہو گیا اور وزن میں بھی خاطر خواہ حد تک کمی واقع ہوئی اور انہوں نے توانائی میں کمی کی بھی شکایت نہیں کی۔
آنتوں کی صحت کے لئے بہترین
لوبیا سے آنتوں کا اندرونی استر،ہاضمے کے لئے مفید بیکٹیریا اور مدافعتی نظام بہتر رہتاہے ،کیونکہ اس میں کئی طرح کے فائبر موجود ہیں جو نہ صرف کولیسٹرول کم کرتے ہیں بلکہ دوران خون اور نظام ہاضمہ کے لئے بھی مفید ہوتے ہیں۔ غرضیکہ وٹامنز،معدنی ذرات اور عناصر کی دستیابی کے بعد لوبیا کی غذائی افادیت سے متعلق شک وشبہ نہیں رہتا اناج کو بدل کے یانت نئی شکل میں کھانے سے طبیعت بحال بھی رہتی ہے ،توانائی بھی ملتی ہے اور ذائقہ بھی متاثر کرتاہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat