Daant Saaf - Dil Mabooy - Article No. 1762

Daant Saaf - Dil Mabooy

دانت صاف‘دل مضبوط - تحریر نمبر 1762

کہ وہ لوگ جو دن میں تین یا تین سے زیادہ مرتبہ اپنے دانت صاف کرتے ہیں،انہیں دل کی دھڑکنیں بے قابو ہونے اور دل کے دورے کا خطرہ بھی بہت کم ہوتاہے۔

پیر 23 دسمبر 2019

ہماء غفار
جنوبی کوریا میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد پر تقریباً بارہ سال تک جاری رہنے والے ایک مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ لوگ جو دن میں تین یا تین سے زیادہ مرتبہ اپنے دانت صاف کرتے ہیں،انہیں دل کی دھڑکنیں بے قابو ہونے اور دل کے دورے کا خطرہ بھی بہت کم ہوتاہے۔یورپین جرنل آف پری وینٹیو کار ڈیالوجی کے تازہ شمارے میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق،یہ مطالعہ40سال سے 79سال تک کے ایسے افراد پر کیا گیا جنہیں دل کی دھڑکنیں بے قابو ہونے یا دل کے دورے کی کبھی کوئی شکایت نہیں ہوئی تھی۔
ان افراد کی تعداد 286،161تھی جنہیں اس مطالعے کی غرض سے2003اور2004میں بطور رضا کار شامل کیا گیا۔
اس کے علاوہ آپ کو یہ بھی بتائیں کہ دانتوں کے ساتھ ساتھ زبان کی صفائی بھی بہت ضروری ہے ماہرین کے مطابق اگر آپ دانت صاف کرتے ہوئے چند منٹ کے لیے اپنی زبان پر برش نہیں کرتے تو اس عادت کو فوری اپنا لیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہمارے منہ میں700سے زائد مختلف اقسام کی بیکٹیریا کی اقسام ہوتی ہیں۔

جن میں سے بیشتر نقصان دہ تو نہیں مگر جو ہیں وہ اپنی تعداد بہت تیزی سے بڑھاتی ہیں اوریہ عام طور پر زبان کی سطح پر موجود ہوتے ہیں۔درحقیقت صاف زبان منہ کی اچھی صفائی کا لازمی حصہ ہے، زبان پر ٹوتھ برش کے پچھلے حصے کو رگڑنا بہت زیادہ فائدہ مند ہوتاہے جو کہ ایسے ذرات سے نجات دلاتا ہے جو کہ بیکٹیریا کی افزائش نسل کا باعث بنتے ہیں۔
زبان ویسے تو بظاہر بولنے میں مدد دیتی ہے مگر اس کے چند اہم افعال بھی ہیں۔
یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں سہولت فراہم کرتی ہے کیونکہ ہاضمے کا عمل زبان سے ہی شروع ہوتا ہے جبکہ ذائقے کی حس کے لیے بھی اس کا کردار بہت اہم ہے۔تو اس کی صفائی کے چند فوائد جان لیں۔سانس کی بو سے نجات کھانے کے ذرات،بیکٹیریااور مردہ خلیات وقت کے ساتھ زبان پر جمع ہونے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں سانس بدبو دار ہو جاتی ہے۔زبان کی صفائی اس سے بچاؤ میں مدد دیتی ہے کیونکہ سانس میں بوکا مسئلہ انتہائی عام ہے اور شخصیت کو بھی بدنما بناتاہے،تاہم زبان کی صفائی کے باوجود سانس میں بوکا مسئلہ بر قرار رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے کیونکہ یہ کسی اور مرض کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔

منہ کے انفیکشن کی روک تھام کیلئے مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زبان کی صفائی ایک خطر ناک بیکٹیریا کی تعداد کو بڑھنے سے روکتاہے جو کہ دانتوں کی فرسود گی اور ان کے گرنے کا باعث بنتا ہے۔زبان کی ساخت ایسی ہوتی ہے جو پلاک جمع ہونے میں معاونت فراہم کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی صفائی بہت اہمیت رکھتی ہے۔زبان پر جمع ہونے والے بیکٹیریا دانتوں تک پھیل سکتے ہیں جس سے مسوڑوں کا ورم ،ان میں سرخی یا سوزش کا خطرہ پیدا ہوجاتاہے،اگر علاج نہ کرایا جائے تو یہ ورم دانتوں کی جھلی کے امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے،جس کے نتیجے میں دانت ٹوٹ سکتے ہیں اور جھلی کے یہ امراض ہارٹ اٹیک،فالج وغیرہ کا خطرہ بھی بڑھاتے ہیں۔
حس ذائقہ بہتر بنائے ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زبان کی صفائی سے کھانے کے ذائقے کا احساس بھی بہتر ہوتاہے ،دوسری جانب جب زبان پر برش نہ کیا جائے تو بیکٹیریا کی تہہ،خوراک کے اجزاء اور جلد کے مردہ خلیات کا اجتماع ذائقے کی حس کے لیے ضروری حصوں میں اکھٹا ہونے لگتاہے ،جس سے ذائقے کی حس ماند پڑنے لگتی ہے۔

Browse More Teeth