10 لاکھ عازمین حج سعودیہ پہنچ گئے، بچوں پر پابندی برقرار

فیصلے کا مقصد حج کے دوران بڑھتے ہوئے ہجوم کے پیش نظر بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 13:52

10 لاکھ عازمین حج سعودیہ پہنچ گئے، بچوں پر پابندی برقرار
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) سعودی عرب کی جانب سے بچوں کو حج پر لے جانے پر عائد پابندی رواں برس بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اس سال بھی حج کے دوران بچوں کے داخلے پر پابندی برقرار رکھی ہے، اس فیصلے کا مقصد حج کے دوران بڑھتے ہوئے ہجوم کے پیش نظر بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا، اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عازمین کی سلامتی اور نظم و ضبط کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیون کہ حج کے ایام میں ہجوم بے حد بڑھ جاتا ہے، ایسے میں بچوں کو رش اور دھکم پیل سے محفوظ رکھنا ممکن نہیں ہوتا، اسی لیے ان کی شرکت پر پابندی برقرار ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 10 لاکھ عازمین حج مملکت پہنچ گئے ہیں، حج 1446ء ہجری کے لیے اب تک 14 لاکھ سے زائد نسک کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں، سعودی وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ وزارت کی تفتیشی ٹیمیں حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی مسلسل نگرانی کررہی ہیں تاکہ خدمات کے معیار کو برقرار رکھا جائے، اب تک 10 لاکھ سے زائد عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں جن میں 47 فیصد خواتین اور 53 فیصد مرد ہیں، مختلف ممالک سے آنے والے 94 فیصد عازمین ہوائی ذریعے سے مملکت پہنچے، 4.83 فیصد بری اور0.5 سمندری راستے سے آئے، مکہ روٹ منصوبے کے تحت آنے والے عازمین کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رواں برس حج سیزن کے لیے جامع منصوبے کے تحت تیاریاں کی گئی ہیں، مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستی کے لیے پانی اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ضیوف الرحمان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، وزارت نے گزشتہ برس حج ختم ہوتے ہی 12 ذی الحجہ 1445 ہجری سے ہی آئندہ حج کے لیے تیاریوں کا باقاعدہ اعلان کردیا تھا، جنوری 2025ء میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی حج کانفرنس منعقد کی گئی جس میں 87 ممالک سے اہم وفود نے شرکت کی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں