’حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں‘

سعودی فرماں روا شاہ سلمان کا ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 08:47

’حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں‘
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت جاری کی ہیں کہ ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں اس لیے انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں، مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی حجاج کو ہر ضروری مدد فراہم کی جائے جب تک کہ ان کے لیے بحفاظت وطن واپسی ممکن نہ ہو۔

بتایا گیا ہے کہ ہر سال ہزاروں ایرانی زائرین حج کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرتے ہیں، تاہم اس بار اسرائیل کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ایرانی حجاج کو مدد فراہم کرنے کا منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کو پیش کیا، اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ کو ان کی تمام ضروری امداد کو یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرچکی ہے، اس سلسلے میں ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ کیا، ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران اسرائیل پر سینکڑوں میزائل حملے کیے گئے جس میں کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں، ایران نے جوابی حملے میں کئی میزائل داغے جن میں سے ایک نے تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئیں، ان حملوں میں ایران کی جانب سے اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔

قبل ازیں اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کرتے ہوئے اہم تنصیات کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے جمعے کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے، ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، جوہری سائنسدان اور عام شہری جاں بحق ہوگئے، اس حوالے سے اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ حملے کے نتیجے ایران کی جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں