مکہ مکرمہ میں میزائل دفاعی نظام نصب کر دیا گیا

حج بیت اللہ کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر سے بھی مسجد الحرام اور گرد و نواح کے علاقے کی فضائی نگرانی جاری

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 جون 2025 20:51

مکہ مکرمہ میں میزائل دفاعی نظام نصب کر دیا گیا
مکہ مکرمہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 05 جون 2025ء ) مکہ مکرمہ میں میزائل دفاعی نظام نصب کر دیا گیا، حج بیت اللہ کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر سے بھی مسجد الحرام اور گرد و نواح کے علاقے کی فضائی نگرانی جاری۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے حج بیت اللہ کے دوران مکہ مکرمہ کی سیکورٹی کیلئے انتہائی سخت اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حج بیت اللہ کے دوران شہر اور لاکھوں حجاج کی حفاظت کیلئے غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے مکہ مکرمہ میں میزائل دفاعی نظام نصب کر دیا گیا۔ میزائل دفاعی نظام زمین سے فضا میں مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی فورسز کا مشن خدا کے مہمانوں کی حفاظت ہے، اسی مقصد کیلئے میزائل دفاعی نظام آپریشنل کیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ حج بیت اللہ کے دوران مکہ مکرمہ میں فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی مسجد الحرام اور گرد و نواح کے علاقے کی فضائی نگرانی جاری رکھی گئی۔ حج بیت اللہ کے دوران مکہ مکرمہ میں سعودی ائیر فورس کی جانب سے سکیورٹی، لاجسٹک اور امدادی آپریشنز میں تعاون کیا جارہا ہے۔ سعودی ائیر فورس فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ مریضوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کرنے اور ضروری آلات کی نقل و حرکت میں بھی معاونت کررہی ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز لاکھوں حجاج کرام نے حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ انتہائی اطمینان و سہولت کے ساتھ ادا کیا۔ گرمی کے باوجود میدان عرفات میں نصب پھوار برسانے والوں پنکھوں کی وجہ سے موسم کافی حد تک بہتر ہو گیا تھا۔ حجاج غروب کے ساتھ ہی مزدلفہ کے لیے روانہ ہوگئے جہاں پہنچ کر وہ سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے ۔

حجاج آج شب مزدلفہ میں بسر کرنے کے بعد فجر نماز ادا کرنے کے فوری بعد وادی منی کی جانب روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے اور حج کی قربانی کرنے کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو جائیں گے۔ سعودی جنرل اتھارٹی برائےشماریات نے اعلان کیا ہے کہ اس سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ بیرون مملکت سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج سعودی عرب آنے جبکہ داخلی حجاج کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 654 رہی ۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں