دُبئی: آٹھویں گریڈ کی طالبہ اسکول کی بالکنی سے گر گئی

برٹش اسکول کی زخمی طالبہ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 ستمبر 2019 13:24

دُبئی: آٹھویں گریڈ کی طالبہ اسکول کی بالکنی سے گر گئی
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 ستمبر 2019ء) دُبئی کے ایک اسکول میں بہت افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں سکول کی ایک طالبہ سکول کی بالکنی سے گراؤنڈ فلور پر جا گری۔ جس کے باعث بچی کو خاصی چوٹیں آئیں۔ آس پاس موجود طالب علموں میں اس واقعے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ طالبہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے طالبہ کو سر پر چوٹیں نہیں آئیں، ورنہ یہ واقعہ اس کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اس وقت طالبہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ مقامی اخبار کے مطابق یہ واقعہ الخُبیرت کے علاقے میں واقع برٹش اسکول میں پیش آیا۔ طالبہ کی عمر اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی، بس اتنا بتایا گیا ہے کہ وہ آٹھویں گریڈ کی طالبہ ہے۔

(جاری ہے)

اسکول انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا۔ بچی اور اس کے والدین کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی جا رہیں۔ بچی کے والدین کو فوری طور پر واقعہ کی اطلاع کر دی گئی۔ جو اس ہسپتال میں پہنچ گئے ، جہاں بچی کو لے جایا گیا تھا۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں کہ کیا بچی کو کسی نے دھکا دیا تھا یا پھر اُس نے کسی بات پر دُکھی ہو کر خود کشی کی کوشش کی تھی۔ اگر اس میں کسی اور سٹوڈنٹ کا ہاتھ ہوا تو اس کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سکول انتظامیہ نے مزید واضح کیا کہ سکول میں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آنے کے بعد بچوں میں خوف و ہراس تھا ، تاہم سکول مقررہ وقت پر ہی بند کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں