امارات میں شدید بارشیں، دبئی کی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں

خلیجی ملک میں مختلف شدت کی بارشیں اتوار تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مارچ 2024 16:40

امارات میں شدید بارشیں، دبئی کی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث دبئی کی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں، کئی پروازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہفتے کے روز دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کی پروازوں کو قریبی ہوائی اڈوں پر بھیج دیا گیا ہے کیوں کہ دبئی انٹرنیشنل (DXB) پر معمول کے آپریشنز ہفتہ 9 مارچ کو صبح کے وقت سے خراب موسمی حالات کی وجہ سے متاثر ہوئے، نتیجتاً 13 ان باؤنڈ پروازوں کو قریبی ہوائی اڈوں پر واپس بھیج دیا گیا، ہم اپنے قابل قدر مہمانوں کو درپیش کسی بھی تکلیف کو کم کرنے کے لیے اپنے سروس پارٹنرز اور ایئر لائنز کے ساتھ فعال طور پر تعاون کر رہے ہیں۔

ایمریٹس ایئرلائن کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ایمریٹس کی کچھ پروازیں DXB سے آنے اور روانہ ہونے میں تاخیر کا شکار ہوئیں جب کہ دیگر کا رخ موڑ دیا گیا، ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے مسافروں کو جلد از جلد ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے کام کریں گے، ایمریٹس کسی بھی زحمت کے لیے معذرت خواہ ہے، ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فلائی دبئی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آج صبح دبئی میں موسم کی خراب صورتحال کے نتیجے میں ہماری کچھ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر ہوئی ہے، ان باؤنڈ پروازوں کی ایک بڑی تعداد کو بھی موڑنا پڑا، ہم دبئی میں موسمی حالات کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اپنے مسافروں کے سفری نظام الاوقات میں رکاوٹ کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور ہوائی اڈے پر تمام فریقوں کے ساتھ ہم آہنگی کر رہے ہیں، ہم اس تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں جو ہمارے مسافروں کو خراب موسمی حالات کی وجہ سے ہوئی ہو۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) نے کہا ہے کہ مختلف شدت کی بارشیں اتوار تک جاری رہیں گی لیکن یہ صرف ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں پر مرکوز رہیں گی، غیر مستحکم موسم بتدریج کمزور ہوتا جائے گا اور اتوار کی شام اور رات تک مشرقی علاقوں تک محدود رہے گا، پیر کو موسم خشک رہے گا لیکن صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں