امارات میں فضائی مسافروں کیلئے عید پر رش سے بچاؤ کی ہدایات جاری

دبئی ایئرپورٹ پر 2 اپریل سے 15 اپریل تک 3.6 ملین مسافروں کی آمد و رفت متوقع

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 6 اپریل 2024 12:35

امارات میں فضائی مسافروں کیلئے عید پر رش سے بچاؤ کی ہدایات جاری
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں فضائی مسافروں کیلئے عید پر رش سے بچاؤ کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ خلیجی میڈیا کے مطابق عید اور موسم بہار کی آمد کے موقع پر ہونے والی چھٹیوں کے سلسلے میں دبئی ایئرپورٹ مسافروں کی بہتر خدمات کے لیے تیاری کر رہا ہے جہاں 2 اپریل سے 15 اپریل تک 3.6 ملین مسافروں کی آمد متوقع ہے، متحدہ عرب امارات میں رہنے والوں کو اس بار عیدالفطر کے موقع پر 6 اپریل سے 14 اپریل تک یعنی 9 دن کی چھٹیاں پوں گی، متحدہ عرب امارات میں عید کے سلسلے میں عام تعطیل 8 اپریل سے 12 اپریل تک ہیں لیکن ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے تعطیلات 9 دن تک چلی جائیں گی، علاوہ ازیں خلیجی ریاست کے بیشتر سکول بھی 14 اپریل تک بند رہیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ ان تعطیلات کی وجہ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوسطا 2لاکھ 58 ہزار مسافروں کی آمد متوقع ہے جب کہ 13 اپریل کو 2 لاکھ 92 ہزار مسافروں کے آنے کی توقع کی جا رہی ہے، دبئی ایئرپورٹ، ایئرلائنز اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مسافروں کو خوش آمدید کہنے اور ان کے لیے بہتر خدمات انجام دینے کے لیے پرجوش ہے۔

(جاری ہے)

دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک بیان میں رش سے بچنے کے لیے مسافروں کے لیے کچھ تجاویز بھی شیئر کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ روانگی کے مقررہ وقت سے تین گھنٹے پہلے ہوائی اڈے پر نہ پہنچیں، دبئی میٹرو استعمال کریں اگر ٹرمینل 1 یا ٹرمینل 3 سے منتقل ہو رہے ہیں، 12 سال سے زیادہ عمر کے مسافروں کے لیے پاسپورٹ کنٹرول پر اسمارٹ گیٹ استعمال کریں، گھر پر سامان کا وزن کریں اور ایئرپورٹ جانے سے پہلے تمام مطلوبہ دستاویزات تیار کریں، رش کے اوقات میں صرف مسافروں کو ہی ٹرمینلز کے اندر جانے کی اجازت ہوگی، ہوائی اڈے پر پہنچنے سے پہلے غیر مسافروں کو الوداع کرنے کی سفارش کی جاتی ہے، ٹرمینل 1 اور 3 کے آنے والے سیکشن میں مسافروں کے لیے صرف ٹیکسیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ہی اجازت ہوگی، فلائی دبئی کے مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ روانگی سے کم از کم چار گھنٹے پہلے پہنچ جائیں جب کہ ایمریٹس کے مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ گھر، ابتدائی اور سیلف چیک ان سہولیات بشمول سٹی چیک ان کے اختیارات استعمال کریں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں