دبئی میں پرائیویٹ سکولز کو فیس میں اضافے کی اجازت دیدی گئی

سالانہ معائنے میں جن اسکولوں کی ریٹنگ کم ہوئی وہ فیس میں اضافے کی درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 اپریل 2024 14:53

دبئی میں پرائیویٹ سکولز کو فیس میں اضافے کی اجازت دیدی گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل 2024ء ) دبئی نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافے کی اجازت دے دی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ملنے والی اجازت کے تحت دبئی میں پرائیویٹ سکول اپنی فیسوں میں 5 اعشاریہ 2 فیصد تک اضافہ کرنے کے قابل ہوں گے، تاہم تازہ ترین سالانہ معائنے میں جن اسکولوں کی ریٹنگ کم ہوئی ہے وہ فیس میں اضافے کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی کے تعلیمی ریگولیٹر نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KHDA) نے 2.6 فیصد کے تعلیمی لاگت کے انڈیکس (ECI) کا اعلان کیا ہے، جس کی بنیاد پر اسکول 2024/25 تعلیمی سال کے لیے اپنی فیسوں کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں، ہر سال کیے جانے والے معائنے میں اضافے کی شرح ہر ادارے کی درجہ بندی سے منسلک ہے، اسکولوں کی طرف سے کسی بھی فیس ایڈجسٹمنٹ کے لیے اتھارٹی سے منظور شدہ ہونا ضروری ہے، اس حوالے سے اہم معلومات درج ذیل ہیں؛
>> وہ اسکول جو اپنی ریٹنگ کو 'ویک' سے 'ایکسیپٹیبل' یا 'ایکسیپٹبل' سے 'گڈ' تک بڑھاتے ہیں وہ اپنی فیسوں میں 2.6 فیصد کے ECI کو دوگنا تک بڑھا سکتے ہیں جو کہ 5.2 فیصد ہے
>> 'گڈ' سے 'ویری گڈ' کی طرف جانے والے اسکولوں کو ECI کے 1.75 گنا تک کے اضافے کا فائدہ ہوگا، جو فیس میں 4.55 فیصد تک کا اضافہ بنتا ہے
>> 'ویری گڈ' سے 'آؤٹ سٹینڈنگ' کی درجہ بندی کو بہتر کرنے والے اسکول اپنی فیسوں کو ECI سے 1.5 گنا تک بڑھانے کے اہل ہوں گے جو کہ 3.9 فیصد ہے
>> وہ سکول جو انسپیکشن ریٹنگ کو برقرار رکھتے ہیں انہیں اپنی فیسوں میں 2.6 فیصد تک اضافہ کرنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ تعلیمی لاگت کے اعشاریئے دبئی کے نجی سکولوں کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں پر مبنی ہیں، یہ سکول چلانے کی آپریشنل لاگت کا خاکہ پیش کرتے ہیں اور اس کا حساب ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کے تعاون سے کیا جاتا ہے، یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب کورونا کی وجہ سے سکولوں کو تین سال (2020/21، 2021/22 اور 2022/23) تک کوئی تبدیلی نہ ہونے کے بعد فیسوں میں اضافے کی اجازت دی گئی ہے، تعلیمی اداروں کو 2023/24 کے تعلیمی سال میں 6 فیصد تک فیس بڑھانے کی اجازت دی گئی تھی۔

نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں پرمٹس کی ڈائریکٹر شمع المنصوری نے کہا ہے کہ "سکولوں کے معائنے کی درجہ بندیوں کے ساتھ فیس ایڈجسٹمنٹ کو ہم آہنگ کرنے سے سکولوں کے پیش کردہ معیار میں مزید بہتری پر زور دیا جاتا ہے جس سے اس شعبے کی مسابقت میں اضافہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں