لالچی بیوی کو خاوند سے طلاق لینامہنگا پڑ گیا

عدالت نے خاوند کی درخواست پر سابقہ بیوی کے خلاف فیصلہ سُنا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 نومبر 2019 09:58

لالچی بیوی کو خاوند سے طلاق لینامہنگا پڑ گیا
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11نومبر 2019ء) دُبئی میں ایک اماراتی خاوند نے اپنی سابقہ بیوی کے خلاف جہیز کی صورت میں دیا گیا قیمتی سامان اور نقدرقم نہ دینے کے باعث اُس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ خاوند نے عدالت کو بتایا کہ اُس نے آج سے دو سال قبل ایک اماراتی لڑکی سے شادی کی تھی۔ اس شادی کے موقع پر اُس نے اپنی بیوی کو بہت سا قیمتی سامان، زیورات اور نقد رقم بھی دی تھی۔

تاہم کچھ عرصہ بعد بیوی نے اُس سے لڑنا جھگڑنا شروع کر دیا۔ اور وقتاً فوقتاً مزید رقم کا تقاضا کرنے لگی۔ آخر اُس کی بے جا فرمائشوں سے وہ بھی تنگ آ گیا اور انہیں پُورا کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے لالچی بیوی نے اُس سے طلاق لی۔ مگر اُسے وہ سامان واپس نہ کیا جو اُس نے اُسے جہیز کی صورت میں دِیا تھا جیسا کہ متحدہ عرب امارات میں رواج ہے کہ شادی کے وقت جہیز مرد کی جانب سے دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خاوند نے عدالت سے استدعا کی کہ اُسے سابقہ بیوی سے 65 ہزار درہم جہیز کی رقم کی مد میں واپس دلایا جائے۔ سابقہ خاوند نے بتایا کہ اُس نے نکاح کے وقت اپنی بیوی کو چالیس ہزار درہم نقد دیئے تھے۔ اس کے علاوہ اُسے اماراتی رسم ذہبہ کے تحت بھی 80 ہزار درہم کی رقم بھی دی تھی۔ جبکہ سونے کے 12 طلائی زیور، ایک قیمتی رِسٹ واچ اور انگوٹھی بھی دیئے تھے۔

مگر اُس کی بیوی طلاق حاصل کرنے کے بعد تمام نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان کو واپس کرنے سے انکار ی ہو گئی ہے۔ وہ اپنی بیوی کو باقی سب چیزیں معاف کرتا ہے تاہم اُسے 65ہزار درہم واپس دلائے جائیں۔ عدالت نے خاوند کاموقف سُننے کے بعد اُس کے حق میں فیصلہ سُنا دیا اور اُس کی سابقہ بیوی کو حکم دیا کہ وہ اپنے خاوند کو 65 ہزار درہم کی رقم واپس کر دے۔ ورنہ اُس کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں