موجودہ حکومت بحرانوں سے نکل آئی ہے، اب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، وقاص جدون

پیر 21 اکتوبر 2019 11:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) موجودہ حکومت بحرانوں سے نکل آئی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، اب عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام ہو گا اور ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے غریب لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات میسر آ رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وعدوں کی تکمیل کا وقت شروع ہو چکا ہے، احساس پروگرام کے ذریعہ نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی جھنگی ایبٹ آباد کے دیرینہ کارکن وقاص خان جدون نے یہاں جھنگی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت چھ برسوں میں اپنی صلاحیتوں، تجربہ اور تعلقات کی بنیاد پر صوبہ کو نمایاں پوزیشن پر لے آئی ہے، انشاء الله اب ترقیاتی کام زمین پر دکھنا شروع ہو گئے ہیں، الحمد الله اب موجودہ حکومت بحرانوں سے نکل آئی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، اب عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام ہو گا اور ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

وقاص خان جدون نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملک دیوالیہ ہونے والا تھا، اگر عمران خان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو آج ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا تاہم عمران خان کی حکومت کی بہتر اور سخت پالیسیوں کی بدولت ملک بہتری کی طرف رواں دواں ہو چکا ہے، عوام کو ضرور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم اگر حکومت ایسے سخت فیصلے نہ کرتی تو آج ہم دنیا میں تنہا ہو کر دیوالیہ ہو چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور بہت جلد ہر شخص کو یہ کارڈ دستیاب ہو گا جس سے انہیں علاج معالجہ کی بہتر اور مفت سہولیات میسر آئیں گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں