ناراں کے مقام پر خاندانی تنازعہ پر مخالف فریق نے آگ لگا کر دو کچے مکانات کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا

منگل 23 اکتوبر 2018 22:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) سیاحتی مقام ناراں کے مقام پر خاندانی تنازعہ پر مخالف فریق نے آگ لگا کر دو کچے مکانات کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا، متاثرہ افراد کی رپورٹ پر تین نامزد ملزمان پر مقدمہ درج کر لیا گیا، ابتدائی نقصان کا تخمینہ15 لاکھ روپے بتایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیاحتی مقام ناراں جھیل روڈ پر خاندانی تنازعہ پر غلام حسین ولد سائیں، صوبہ ولد کالا اور مسکین ولد سائیں نامی نے دو بھائیوں سردار منشی اور سردار عبدالغنی کے رہائشی مکانات کو آگ لگا دی۔

(جاری ہے)

متاثرہ دونوں بھائیوں سردار عبدالغنی اور سردار منشی نے پولیس چوکی ناراں میں واقعہ کا ذمہ دار تین افراد غلام حسین ولد سائیں، صوبہ ولد کالا، مسکین ولد سائیں کو ٹھہراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ہمارا ان سے گھریلو تنازعہ چلا آ رہا تھا اور مرکزی کردار صوبہ ولد کالا نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر ان کے رہائشی مکانات کو آگ لگائی۔ پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ آتشزدگی سے متاثرہ افراد نے نقصان کا تخمینہ 15 لاکھ روپے لگایا ہے، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں