ایبٹ آباد،واسا اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے ورلڈ کلین ڈے پر آگاہی ریلی اور تقریب کا انعقاد

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی (واسا) اور محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد کے اشتراک سے ورلڈ کلین ڈے پر صفائی کی اہمیت اور ضرورت کے حوالہ سے آگاہی ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ طلباء میں صفائی کی اہمیت اور شعور اجاگر کرنے کیلئے تقریری مقابلہ بھی کروایا گیا۔

ہفتہ کے روز ہائی سکول نمبر چار میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد تنویر، پرنسپل طارق ثمر، واسا افسران جاوید عباسی، میڈیا منیجر عمر سواتی، انسپکٹر شاہ ہارون، سردار حسین، اے ڈی سپورٹس گل تاسف خان جدون، صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون کے علاوہ سردار مظہر، اساتذہ اور طلباء بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے موضوع پر مختلف سرکاری سکولز کے طلباء میں تقاریری مقابلہ میں ہائی سکول کے عبدالله نے پہلی، بلال عنایت ہائی سکول نمبر چار کے طالب علم نے دوسری اور ابوبکر ہائی سکول نمبر دو کے طالب علم نے تیسری پوزیشن حاصل کی جن کو واسا کی جانب سے تعریفی اسناد اور نقد انعام بھی دیا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد تنویر، واسا میڈیا منیجر عمر سواتی اور صدر پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ہماری بقا ہے، اپنے گرد و پیش کو صاف رکھنا ہمارا فرض اور ایمان کا حصہ ہے، بدقسمتی سے تعلیمی نظام میں خامیوں سے ہم ایک قوم نہیں بن سکے، ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون سب کی مشترکہ زمہ داری ہے، وہ گندگی کو کچرا کنڈی تک پہنچائیں، اپنے بچوں کی عادات کی تربیت کریں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں واسا کا ساتھ دیں۔

مقررین نے کہا کہ رویوں کو تبدیل کرنے کے رحجان کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے، شہر میں 10 ٹن کچرا نکاسی آب کے نالوں اور گٹروں میں پھینک دیا جاتا ہے، ہم سب کو تہیہ کرنا ہو گا کہ کچرا کو مقررہ مقامات تک پہنچایا جائے کیونکہ گندگی سے جہاں مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں وہیں ماحول کو آلودہ کرنے کا بھی سبب بنتی ہیں، سلام نے بھی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے پر زور دیا ہے، درخت قدرت کے پھپھڑے ہیں، شجر کاری کے ذریعہ بھی ماحول کو صاف شاف بنایا جائے۔

ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد تنویر نے یقین دہانی کرائی کہ ایک نوٹیفیکشن کے ذریعہ ضلع کے تمام ہیڈ ٹیچرز اور پر نسپلز کو ہدایات دی جائیں گی وہ صبح اسمبلی میں صفائی کی اہمیت سے طلباء کو آگاہ کریں۔ میڈیا منیجر واسا عمر سواتی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صوبائی حکومت نے صفائی ترجیحات میں رکھا ہوا ہے، ملک میں مالی، امن و امان کے بعد تیسرا بڑا مسئلہ صفائی کا ہے، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد کے پروفیشنل عملہ کی بدولت ایبٹ آباد کے بہترین اداروں میں شمار ہوتا ہے، روزانہ 70 ٹن کچرا اٹھایا جاتا ہے اور 10 ٹن کچرا نہ اٹھانے کی وجوہات متعلقہ مقامات تک رسائی نہ ہونا، نالوں اور گٹروں میں پھینک دیا جاتا ہے۔

واسا نے عوامی رویوں کو بدلنے کیلئے آگائی مہم جاری رکھی ہوئی ہے، مختصر مدت میں 85 سے زائد آگاہی تقریبات مختلف سکولز، کالجز اور دیگر مقامات پر کی گئیں ہیں جن کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے، طلباء میں صفائی کی اہمیت پر تقاریری مقابلہ اور ان کی حوصلہ افزائی بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ماحول کو صاف رکھنے میں واسا کا ساتھ دیں۔

واسا نے نے مختلف مقامات پر کچرا کیلئے 132 کنٹینرز رکھے ہوئے ہیں، گردو پیش کو صاف رکھنے کیلئے کچرے کو کچرا کنڈی تک پہنچائیں۔ تقریب کے اختتام پر ایک آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی، محکمہ تعلیم اور واسا کے افسران اور طلباء بھی شریک تھے۔ ریلی ہائی سکول نمبر چار سے شروع ہوئی اور ایبٹ آباد پریس کلب میں اختتام پذیر ہوئی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں