اوباش نوجوان نے اسلحہ کے زور پر یتیم لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

15 سال کی یتیم لڑکی گھر میں اکیلی تھی، متاثرہ لڑکی نے 15 پر فون کرکے واقعے کی اطلاع دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 3 ستمبر 2021 15:35

عارف والا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 ستمبر 2021ء) : پنجاب کے شہر عارف والا میں اسلحہ کے زور پر اوباش نوجوان نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر عارف والا میں اوباش نوجوان نے اسلحہ کے زور پر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ 15 سال کی یتیم لڑکی اُس وقت گھر میں اکیلی تھی جب ملزم نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے 15 پر فون کرکے واقعہ کی اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق اینٹی ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل نے ایس ایچ او تھانہ صدر کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے زیادتی کے ملزم کو 2 گھنٹے میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کرواکر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ قبل ازیں فیصل آباد میں ایک سفاک درندے نے پڑوسی کی بچی کو اسلحہ کے زور پر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

12 سالہ بچی سے زیادتی کا واقعہ روڈالہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک معذور شخص کی 12 سالہ بیٹی اپنے گھر میں اکیلی تھی کہ رمضان نامی ہمسایہ گھر میں گھس آیا اور اسلحہ کے زور پر بچی سے زیادتی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی چیخ وپکار پر اہل محلہ جمع ہوگئے جس پر ملزم اسلحہ لہراتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے بچی کا میڈیکل کروانے کے بعد ملزم کے خلاف زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں خواتین اور لڑکیوں سے زیادتی کے واقعات کے ساتھ ساتھ کم سن بچے اور بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں بھی ہوشربا اضافہ ہو اہے جس نے والدین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ رواں برس بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ 12 سے زائد بچے جنسی زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب بڑے صوبے پنجاب میں گذشتہ برس (سنہ 2020 میں) بچوں اور بچیوں کے ساتھ ریپ کے تقریباً 1337 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ شدہ کیسز کے مطابق صوبے میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کے تقریباً 900 مبینہ واقعات ہوئے اور 400 سے زائد بچیوں کو مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

عارف والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں