حکومت عوام کو پھرسڑکوں پر لانے کیلئے مجبور کررہی ہے ، نواز شریف

بدھ 9 جون 2010 19:05

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جون۔2010ء) قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیں ایک بار پھر عوام کو سڑکوں پر لانے کیلئے مجبور کررہی ہے کیونکہ اس نے عوام کا بیڑا غرق کردیا ہے ۔ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء مخدوم علی حسن گیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت مہنگائی نے حشر برپاکردیا ہے بے روزگاری عروج پر ہے دہشت گردی سے کوئی بھی محفوظ نہیں عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہورہا بہت سے مواقع آئے کہ موجودہ حکومت ختم کرائی جاسکتی تھی مگر ہم نے جمہوریت کی بقاء کی خاطر حکمرانوں کو حالات سدھانے کا وقت دیاپھربھی وہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اڑھائی سال کا عرصہ گزار چکی ہے مگر عوام کو ابھی تک کوئی ریلیف نہیں دیا گیا عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں نیا بجٹ لفظوں کا ہیرپھیر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں کیونکہ جس ملک میں لوگوں کو انصاف ملنا شروع ہوجائے وہاں تمام مسائل خود بخود حل ہوجاتے ہیں وہ قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوجاتی ہیں جبکہ ملک کی تباہی اس وقت شروع ہوتی ہے جب لوگوں کو انصاف نہ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس وقت تنظیم سازی کے مراحل میں ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں