بی جے پی صوبے کو مسترد کرتے ہیں، پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کے مطابق بہاولپور اور جنوبی پنجاب الگ الگ صوبے بنائے جائیں، بہاولپور کے عوام کو زرداری مداری نہیں نواز شریف ان کا حق دے گا، زر بابا چالیس چوروں نے ملک کو برباد کردیا، ساڑھے چار سالہ دور میں اندھیروں کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا، ہم نے الیکشن سے پہلے اندھیروں کے خاتمہ کیلئے اجالوں کا آغاز کردیا ہے، اجالا پروگرام کے تحت بہاول پور ڈویژن میں پندرہ ہزار اجالا سیٹ تقسیم کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اسلامیہ یونیورسٹی میں اڑھائی ارب کی لاگت سے دو لاکھ طلبہ و طالبات کو سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کے ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 29 جنوری 2013 19:17

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بہالپور جنوبی پنجاب (بی جے پی) صوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کے مطابق بہاولپور اور جنوبی پنجاب الگ الگ صوبے بنائے جائیں، بہاولپور کے عوام کو زرداری مداری نہیں نواز شریف ان کا حق دے گا، زر بابا چالیس چوروں نے ملک کو برباد کرکے اپنے ساڑھے چار سالہ دور میں اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا، ہم نے الیکشن سے پہلے ملک سے اندھیروں کے خاتمہ اور اجالوں کا آغاز کردیا ہے، اجالا پروگرام کے تحت بہاول پور ڈویژن میں پندرہ ہزار اجالا سیٹ تقسیم کئے جائیں گے جس سے بیس سال تک گھروں کو بجلی کے بل ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔

وہ منگل کو یہاں اسلامیہ یونیورسٹی میں اڑھائی ارب کی لاگت سے دو لاکھ طلبہ و طالبات کو سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کے ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں یہاں اندھیروں کو اجالوں میں بدلنے آیا ہوں، زرداری نے اس ملک کی صنعت ، زراعت، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو اندھیرے میں دھکیل کر ملک کو تباہ کردیا ہے۔

ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام الیکشن میں میاں نواز شریف کو منتخب کریں گے تو اندھیرے اجالوں میں بدل جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، مہران، بلوچستان، خیبرپختونخوا کے عوام سن لیں کہ پنجاب میں اجالا پروگرام، بندر بانٹ، سیاسی رشوت نہیں بلکہ بچوں کی شبانہ روز محنت کا چمر ہے اور اس میں کسی کالے، گورے، مسلم، عیسائی کی تمیز نہیں بلکہ ساٹھ فیصد سے زیادہ نمبر لینے والے بچوں میں میرٹ پر تقسیم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت بیس سال تک گھروں کو بجلی کے بل ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا اس پروگرام کے تحت بہاول پور ڈویژن میں پندرہ ہزار اجالا سیٹ تقسیم کئے جائیں گے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان اجالا سیٹ کو چائنہ کی کمپنی زیڈ ٹی سے امپورٹ کیا گیا ہے اور جب میں نے اس کمپنی کو کہا کہ آپ ہمارے دوست اور ہر دکھ درد میں شریک ہونے والے ملک ہیں تو آپ نے جنگ، سیلاب میں پاکستان کی مدد کی ہے ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں لہذا آپ ان کی قیمت میں کمی کریں تو ہماری درخواست پر چائنہ کی کمپنی نے ہمیں 12کروڑ لاگت کے دس ہزار اجالا یونٹ مفت فراہم کردیئے اور اگر زرداری ہوتے تو یہ بارہ کروڑ روپے جیب میں ڈال لیتے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں حاجیوں کی جیبیں کٹتی ہیں اور این آئی سی ایل پر ڈاکے دالتے ہیں لیکن اب الیکشن آنے والے ہیں اور ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام زر بابا چالیس چوروں کا چراغ بجھا کر پاکستان کی ترقی کا چراغ جلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الله تعالیٰ نے ہمیں موقع اور عوام نے خادم بنایا تو ہر سال لاکھوں اجالا سیٹ بچوں اور بچیوں میں تقسیم کریں گے کیونکہ یہ میرٹ اور قابلیت کی جیت ہے میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں بھارتی جنتا پارٹی ( بی جے پی) صوبہ منظور نہیں بھاول پور صوبہ الگ بنے گا اور یہاں کی اسمبلی ، وزیراعلیٰ، گورنر بہاول پور میں ہونگے جبکہ جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ جس کا دارالحکومت ملتان میں ہوگا انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال تک تو زرداری کو صوبہ یاد نہ آیا ملک میں سیلاب آیا تو وہ پیرس میں تھے اور میں سکوٹر پر متاثرین سیلاب کے پاس گیا انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہی یہاں کے عوام کو ان کا حق دیں گے کوئی زرداری، مداری نہیں دے گا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں