بہاولپورکوانگورکی وادی قراردینا حکومت پنجاب کا خوش آئند اقدام ہے، صدر ممنون حسین

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 19:12

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء) بہاولپورکوانگورکی وادی قراردینا حکومت پنجاب کا خوش آئند اقدام ہے، کسانوں کی خوشحالی اور روزگار کی فراہمی کیلئے انگورکی کاشت پرحکومت مزید توجہ دے۔ اِن خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے دیرینہ دوست حافظ ایاز اللہ خان دولت زئی کی رہائش گاہ ہاشمی گارڈ ن بہاولپور میں سابق ڈپٹی میئر بہاولپور محمدجاوید خان دولت زئی سے ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اُنہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے حکومت پنجاب نے بہاولپور کو انگور کی وادی ڈکلیئر کردیا ہے ، انہوں نے کہا کہ میں حکومت پنجاب کو ہدایت کروں گاکہ وہ بہاولپور میں انگورکی کاشت کو مزید بہتر کرنے ، عام آدمی تک انگورکی کاشت کے ثمرات کا پیغام پہنچانے، یہاں جوس انڈسٹری کے قیام پرخصوصی توجہ دے تاکہ نہ صرف یہاں کا کسان خوشحال ہوسکے بلکہ لوگوں کو بہت بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع بھی میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم وداخلہ انجینئر میاں بلیغ الرحمن نے صدر مملکت کوبتایا کہ بہاولپور میں انگورکی کاشت کے فروغ کے لئے جاوید خان دولت زئی اپنی مدد آپ کے تحت سرگرم عمل ہیں اور عام آدمی کو انگور کی کاشت کے ثمرات سے آگاہ کرنے کیلئے وہ بھرپورکوششیں کررہے ہیں جو قابل تعریف ہیں۔ سابق ڈپٹی میئر و سینئرنائب صدر بہاولپورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری محمدجاوید خان دولت زئی نے صدرمملکت ممنون حسین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور میں کاشت ہونے والا مختلف اقسام کا انگورانتہائی گرم درجہ حرارت میں پکتا ہے جو کہ ایکسپورٹ کوالٹی کا ہے اور دُنیا بھر میں اُس کی بہت زیادہ مانگ ہے اور یہ ہاتھوں ہاتھ بکتاہے ۔

راجھستان میں لاکھوں ایکڑ پر مختلف اقسام کی انگوروں کی کاشت کے کامیاب تجربے کو مدنظررکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے بہاولپورکے صحرائی علاقے پرمشتمل چولستان کو انگور کی وادی ڈکلیئر کردیاہے بہاولپور کے کسانوں کی خوشحالی، زراعت کی ترقی اور یہاں انگورجوس فیکٹریوں کے قیام و فروغ کے لئے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے ،اگرحکومت دلچسپی لے تو انگور کی کاشت اور اُس سے ہونے والی آمدن سے نہ صرف بہاولپور کا کسان خوشحال ہوگا ، ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ بہاولپور پورے ملک اور دنیا بھر میں انگورکاجوس ایکسپورٹ کرنے والاشہر بن جائے گا۔

صدر مملکت پاکستان ممنون حسین نے محمدجاوید خان دولت زئی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومت پنجاب کوہدایت کریں گے کہ بہاولپور میں انگورکی کاشت اور جوس کی صنعت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لیں۔ صدر مملکت نے ملاقات کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ حافظ ایاز اللہ خان دولت زئی سے اُن کی 30سالہ دیرینہ رفاقت ہے اور میں نے اُنہیں ایک مخلص، ایماندار اورباوقار بزنس مین کے طورپرپایا ہے۔

اِس موقع پر حافظ ایاز اللہ خاں کے صاحبزادے بہاولپور کے معروف نوجوان بزنس مین یاسرخان دولت زئی بھی موجود تھے، وفاقی وزیر مملکت میاں بلیغ الرحمن نے صدرمملکت کو بتایا کہ یاسرخاں دولت زئی اپنی محنت ، لگن اور ایمانداری کی وجہ سے قلیل عرصے میں مثالی کاروباری ترقی کی ہے اور یہ چیمبرآف انڈسٹریز کے حلقوں میں بھی خاصے مقبول ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں