بہاولپور،بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں کارڈیالوجی اینڈ کارڈیک سرجری بلاک کی تعمیر اور انتہائی نگہداشت یونٹ کے قیام کیلئے 27کروڑ10لاکھ روپے کے فنڈز جاری

منگل 30 جون 2015 21:40

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جون۔2015ء)حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2015-16ء کے بجٹ میں بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں کارڈیالوجی اینڈ کارڈیک سرجری بلاک کی تعمیر اور انتہائی نگہداشت یونٹ کے قیام کیلئے 27کروڑ10لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔یہ بات صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنٹر نے سول سوسائٹی کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگی محفوظ اور صحت مند بنانے کیلئے متعدد پروگرام شروع کئے گئے ہیں اور بجٹ میں ان منصوبوں پر اربوں روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف کے حصول ‘بیماریوں میں کمی لانے‘ ماں اور بچے کی صحت‘متوازن غذائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ‘ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے وسیع پیمانے پر ویکسینیشن پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ بجٹ میں بہاول کٹوریہ ہسپتال میں تھیلیسیمیا یونٹ کی اپ گریڈیشن اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کیلئے 15کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اس پروگرام پر 71کروڑ روپے سے زائدرقم خرچ ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کے قیام کے پہلے فیز میں موجودہ بجٹ میں 8کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں 20بستروں پر مشتمل برن یونٹ کے قیام کیلئے 8کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یزمان تحصیل میں بنیادی مرکز صحت چک نمبر59ڈی بی اور چک نمبر24بی سی بہاولپور میں بنیادی مرکز صحت کے قیام کیلئے مجموعی طور پر 4کروڑ روپے کے فنڈز رواں مالی بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں۔ملک محمد اقبال چنٹر نے کہا کہ حکومت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو اپ گریڈ کر کے علاقہ کے لوگوں کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں تحصیل ہیڈ کوآرٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اورحاصل پور کیلئے موجودہ بجٹ میں 11کروڑ 94لاکھ روپے سے زائد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح بلہ جھلن بنیادی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن اور از سر نو تعمیر کیلئے 7کروڑ56لاکھ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں اس منصوبہ پر 8کروڑ36لاکھ روپے لاگت آئے گی۔`

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں