بہاولپور،وزیراعلیٰ کے پڑھا لکھا چولستان\" کمیونٹی سکولز منصوبہ کی بندش کے خلاف بچوں اور اساتذہ کا انوکھا احتجاج ،کمشنر آفس کے سامنے علامتی سکول بناکر بچوں کو تعلیم دی گئی

بدھ 17 جولائی 2013 18:02

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17جولائی۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے سابق دور اقتدار میں چولستان میں فروغ تعلیم کیلئے شروع ہونیوالے \" پڑھا لکھا چولستان\" کمیونٹی سکولز منصوبہ کی بندش کے خلاف چولستانی بچوں اور اساتذہ نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے کمشنر آفس کے سامنے علامتی سکول بناکر بچوں کو تعلیم دی گئی۔بدھ کو چولستا ن کمیونٹی سکولوں کی سینکڑوں طالبات اور خواتین اساتذہ نے سکولوں کی ممکنہ بندش کے خلاف کمشنر آفس کے سامنے علامتی سکول بنااحتجاج کیا۔

اطلاع پر رکن صوبائی اسمبلی حسینہ بیگم احتجاجی کیمپ میں پہنچ گئیں ۔حسینہ بیگم کو بتایا کہ چولستان میں قائم75کیمونٹی سکولز منصوبہ فنڈز مختص نہ ہونے کی وجہ سے مارچ2014 میں ختم ہوجائیگا جس کے نتیجہ میں پانچ ہزار سے زائد چولستانی بچوں اوربچیوں کاتعلیمی مستقبل ختم ہونے کاخدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

حسینہ بیگم نے کیمپ میں موجود احتجاجی طالبات اور اساتذہ کو یقین دہانی کروائی کہ چولستان کمیونٹی سکولوں کا منصوبہ جاری رکھنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیر خزانہ سے بات کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں فروغ تعلیم کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور چولستان کمیونٹی سکولوں کے منصوبہ کو جاری رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔قبل ازیں کیمپ کی اطلاع پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کیمپ اکھاڑنے کی کوشش اور پولیس کارروائی کی دھمکی دی تاہم رکن صوبائی اسمبلی نے موقع پر پہنچنے کے بعد پولیس کو کسی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔ دریں اثناء شباب ملی کے ضلعی صدر سیدکاشف اعجاز بھی احتجاجی کیمپ میں پہنچے اور اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں