امت مسلمہ نبی کریم کی سیرت پرعمل پیرا ہو کردنیا کی امامت پر سرفراز ہو سکتی ہے ، وسیم اختر،

نبی کریم کی شان اقدس میں گستاخی کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا،صوبائی امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 17 جنوری 2015 22:10

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ امت مسلمہ نبی کریم کی سیرت پرعمل پیرا ہو کردنیا کی امامت پر سرفراز ہو سکتی ہے نبی کریم کی شان اقدس میں گستاخی کوئی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔مغربی ممالک کے اخبارات وجرائدگزشتہ کئی سالوں سے توہین آمیز خاکے شائع کرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کررہے ہیں۔

اسلام اعتدال اور تحمل وبردباری کا درس دیتا ہے۔یورپی ممالک کی حکومتوں کی سرپرستی میں مغربی میڈیااسلامی شعائر اور دینی اقدار پر مسلسل حملے کررہاہے۔مغربی ممالک کے اسلام دشمن رویئے کی وجہ سے اسلامی ممالک میں شدت پسندی کے جذبات جنم لے رہے ہیں۔امریکہ اوریورپی ممالک کواسلام مخالف اپنی پالیسیوں کو تبدیل کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز لکڑ منڈی میں سیرت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ نبی کریم سے محبت ہمارے ایمان کالازمی جزوہے۔

مادرپدر آزاد مغربی میڈیاگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے سلسلہ کوبند کرے۔اسلام تمام مذاہب کااحترام سکھاتا ہے۔اہل مغرب کو بھی دین اسلام کااحترام کرناچاہئے۔اگر اب بھی امریکہ اور یورپی ممالک نے اپنی مسلم دشمنی کی روش کو ترک نہ کیاتو عالمی امن کو شدیدخطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ویورپی ممالک آزادیٴ اظہار رائے کے نام پر در حقیقت تہذیبوں کے تصادم کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

دین اسلام اس وقت امریکہ اور یورپی ممالک میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے مغربی اقوام اس سے سخت خائف ہیں۔اب وہ اس طرح کے اوچھے اور منفی ہتھکنڈے استعمال کرکے اپنے انتقامی جذبات کو ٹھنڈاکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس فوری بلاکر مغربی ممالک کی اس مذموم اور ناپاک جسارت کانوٹس لیاجائے۔وقت کاتقاضاہے کہ پوری امت مسلمہ کومتحد اور بیدار ہوکر یہ پیغام دنیا چاہئے کہ ناموس رسالت پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ حکومت پاکستان کوبھی چاہئے کہ وہ فرانس کی حکومت سے اس معاملے پر سخت احتجاج کرے۔سیرت کانفرنس سے نائب امیر ضلع پروفیسر سعید احمد، مولانا راؤ منور، سکند ر خان و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں