حکومت پنجاب10 ہزار چھوٹے کاشتکاروں و کسانوں کو گرین ٹریکٹر سکیم فراہم کرنے کے لیے 2ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، زراعت ہماری ملکی معیشت کی ریڑ ھ کی ہڈی ہے جس میں خود کفالت کے بغیر ترقی ناممکن ہے، ہمیں زراعت میں جدید تکنیک و ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے فصلوں کی پیداوار بڑھانا ہوگی ،صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنڑ کا اجتماع سے خطاب

منگل 16 اکتوبر 2012 22:57

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔16اکتوبر ۔2012ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب10 ہزار چھوٹے کاشتکاروں و کسانوں کو گرین ٹریکٹر سکیم فراہم کرنے کے لیے 2ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، زراعت ہماری ملکی معیشت کی ریڑ ھ کی ہڈی ہے جس میں خود کفالت کے بغیر ترقی ناممکن ہے، ہمیں زراعت میں جدید تکنیک و ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے فصلوں کی پیداوار بڑھانا ہوگی ۔

وہ منگل کو جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں و کسانوں کیلئے گرین ٹریکٹر سکیم کے مختص کوٹہ کے علاوہ 15فیصد اضافی کوٹہ دیا جارہا ہے تاکہ علاقے کے کاشتکاروں کی محرومیوں کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کسانوں و کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے بجٹ میں خصوصی رقم مختص کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ اہل نوجوان کسانوں کی ترجیحی بنیادوں پر معاونت کی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان نوجوان کسانوں و کاشتکاروں کو میرٹ کی بنیاد پر ٹریکٹر دئیے جارہے ہیں جس کے تحت ہر کسان کو دو لاکھ روپے فی ٹریکٹرسبسڈی د ی جائے گی ۔ صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے بتایا کہ صوبہ بھر کے دوسرے اضلاع کی طرح بہاولپور ضلع کے نوجوان کسانوں وکاشتکاروں کو 439گرین ٹریکٹر دئیے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر سے 7693کسان و کاشتکاراہل قرار پائے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس دفعہ گندم کی بمپرکراپ کے باوجود کسانوں و کاشتکاروں کی بہتر ی کیلئے ساڑھے نوسوروپے فی من گندم کاریٹ رکھا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کی سطح پر بہترین پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو انعام میں گرین ٹریکٹر دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل کی جاسکے ۔

قبل ازیں ملک مشتاق احمد بھٹی نے خطبہ استقبالیہ میں علاقے کے دیگر مسائل کی طرف صوبائی وزیر جیل خانہ جات کی توجہ مبذول کروائی۔ بعدازاں سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ملک اعجاز چنڑ ، ملک منیر چنڑ اورملک ظہیر چنڑ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ملک حافظ اللہ دتہ ، ملک ظفر اقبال ، بلال بلوچ سمیت سینکڑوں اہلیان ماڑی قاسم شاہ موجو د تھے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں