بہاول نگر۔نہری پانی کی چوری کی روک تھام کے لئے روایتی طریقہ کار کی بجائے مؤثر و ٹھوس اقدامات کئے جائیں،ڈپٹی کمشنربہاول نگر

جمعہ 5 جون 2020 19:09

بہاول نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد شعیب خان جدون نے کہا ہے کہ نہری پانی کی چوری کی روک تھام کے لئے روایتی طریقہ کار کی بجائے موثر و ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ پانی چوری کی شکایت پر سینکڑوں افراد پر مقدمہ درج کروانے کی بجائے 2، 3 بڑے مجرموں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے، اگر ایک اریگیشن زون میں 50 ، 60 بڑے ملزموں کے خلاف پانی چوری کے مضبوط مقدمے قائم کئے جائیں اور پھر انہیں عدالتوں سے سخت سزا دلوائی جائے تو پانی چوری بڑی حد تک رک جائے گی۔

یہ بات انہوں نے میونسپل کمیٹی بہاول نگر کے ہال میں نہری پانی کی چوری کی روک تھام، ایف آئی آرز کے اندراج کی بہتری اور مقدمات کی پیروی سے متعلق اریگئشن افسران کی ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ای اریگئشن ، ضلع کی کینال ڈویڑنز کے ایکسین و ایس ڈی اوز،اور محکمہ پراسیکیوشن کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے مزید کہا کہ فیلڈ افسران نہروں کی انسپکشن کے کام کے ساتھ جوڈیشل ورک بھی سرانجام دیں تا کہ نہری پانی کی چوری کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر بہاول نگر نے مزید کہا کہ ٹریننگ پروگرامز میں تمام کینال ڈویڑنز کے افسران کو شامل کیا جائیگا تاکہ افسران کی اہلیت اور استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے اور ایف آئی آرز اور استغاثہ میں خامیوں اور کوتاہیوں کو دور کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے اس موقع پر کہا کہ اریگئشن افسران اپنے محکمے کی فعالیت اور نیک نامی کے لیے محنت اور لگن سے کام کریں اور پانی چوری کے واقعات کو روک کر ٹیل کے کاشتکاروں کو حق تلفی اوراستحصال سے بچائیں۔ اجلاس سے ایس ای اریگئشن اور پراسیکیوشن آفیسرز نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں