شہید پولیس کانسٹیبل میر سالی خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا

پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی

جمعرات 29 فروری 2024 22:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) بنوں پولیس کے مطابق آج دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہادت کا رتبہ پانے والے پولیس کانسٹیبل میر سالی خان کی نماز جنازہ بنوں پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔ریجنل پولیس آفیسر بنوں قاسم علی خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں افتخار شاہ، اعلیٰ فوجی،سول حکام و دیگر پولیس افسران اور مقامی افراد کی کثیر تعداد نے جنازے میں شرکت کی۔

ریجنل پولیس افیسر بنوں، ڈی پی او بنوں اور پاک فوج کے آفسران نے قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت پر پھول چڑھا کر ان کے بلند درجات کے لئے خصوصی دعا ئیں مانگی۔ واضح رہے کہ شہید پولیس کانسٹیبل میر سالی خان چوکی برغانتو میں تعینات تھے۔ جو گذشتہ رات دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔

(جاری ہے)

شہید پولیس اہلکار میر سالی خان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ انکے آبائی علاقے کو روانہ کر دیا گیا۔

جہاں شہید کانسٹیبل کو سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں قاسم علی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید پولیس اہلکار میر سالی خان جیسے جوانوں پر ہمیں فخر ہے۔ جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی و بقا کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔ ہم ان جانبازوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ اور دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

بنوں میں شائع ہونے والی مزید خبریں