بھمبر، آل پاکستان فلڈ لائٹ شو والی بال میچ کا انعقاد

اتوار 27 ستمبر 2020 16:25

بھمبر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2020ء) بھمبر نواحی گائوں چھپراں میں آل پاکستان فلڈ لائٹ شو والی بال میچ کا انعقاد کیا گیا ۔ منڈی بہاوالدین کلب بمقابلہ عموآنہ کلب کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ عموآنہ کلب کے زاہد عرف زاہدی ، حمزہ علی، بلال واڑئچ نے شاندار کھیل پیش کیا جس سے شائقین لطف اندواز ہوئے جبکہ منڈی بہاوالدین کلب کی جانب سے ساجد پٹھان ، عرفان گوندل ، احتشام چوہدری نے شاندار کھیل پیش کیا۔

سنسنی خیز مقابلہ کے بعد منڈی بہاوالدین کی ٹیم نے میچ اپنے نام کرلیا۔ میچ کے مہمان خصوصی سابق وزیر حکومت و ممبر قانون سازی اسمبلی چوہدری علی شان سونی، سیاسی،سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری ڈاکٹر منور حسین ، کاروباری شخصیت چوہدری افتخار احمد آف برنالہ ، ٹھیکیدار چوہدری اشتیاق احمد، الغنی گروپ چوہدری قربان حسین ،چیئرمین چوہدری عبدالله ، تحریک انصاف کے راہنما ارشد غازی سمیت دیگر بھی موجود تھے جبکہ علاقہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

شو میچ کے انعقاد کے لیے چوہدری نبیل پرویز آف یوکے ، چوہدری محسن امتیازآف یوکے سمیت اوورسیز اور مقامی لوگوں نے بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی اور کاروباری شخصیت چوہدری ڈاکٹر منور حسین نے کہا کہ شو میچ اور کھیلوں سے نوجوانوں میں برداشت اور مقابلہ کرنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے اس طرح کے مقابلہ جات کرنے سے وہ غیر ضروری سرگرمیوں سے بچ جاتے ہیں، نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف متوجہ کروانا اور اسطر ح کے شو میچ کا انعقاد لائق تحسین ہے۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں