نام نہاد میرٹ کے دعویدار وزیراعظم آزاد کشمیر نے مال بنانے کے لیے محکمہ ان لینڈ ریونیو کو یرغمال بنا رکھا ہے، چوہدری محمد اسحاق

پیر 25 دسمبر 2023 17:03

بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2023ء) بھمبر کے معروف سیاسی و سماجی رہنما چوہدری محمد اسحاق نے کہا ہے کہ نام نہاد میرٹ کے دعویدار وزیراعظم آزاد کشمیر نے مال بنانے کے لیے محکمہ ان لینڈ ریونیو کو یرغمال بنا رکھا ہے، اپنی مرضی کے آفیسران و اہلکاران تعینات کر کے ان سے اپنے فرنٹ مین کا کام لیا جا رہا ہے، وزیراعظم کے کار خاص تنویر عرف تیرا اور سلیمان کی جوڑی کے چرچے زبان زد عام ہیں، اپنے ہم نام چوہدری انوارالحق کو بھمبر میں تعینات کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جا رہا ہے اور ایک دیانتدار آفیسر کو تبدیل کرنے کی سرتوڑ کوششیں صرف اس لیے کی جا رہی ہیں کہ وہ بھتہ دینے سے انکاری ہے، وزیراعظم کے خاص کارندے سلیمان اور تنویر عرف تیرا اظہر حسین کے تبادلے کیلئے سرگرداں ہیں مگر ان کا تیز بھی نشانے پر نہیں لگ سکا کیونکہ معزز عدالت عظمیٰ نے اظہر حسین کے حق میں حکم امتناعی جاری کر کے ایک ایماندار اور دیانتدار آفیسر کو تحفظ فراہم کیا ہے جس سے وزیراعظم کے فرنٹ مینوں سلیمان اور تیرا کو شدید دھچکا لگا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ہم نام آفیسر انوارالحق ماضی میں محکمہ ان لینڈ ریونیو میں ہونے والی کرپشن اور مالی بدعنوانیوں کا مرکزی کردار تھا اور اسی کرپشن کی بناء پر اسے تبدیل کیا گیا تھا پھر آج دوبارہ انوارالحق کو بھمبر میں تعینات کرنے کی ضرورت کیوں محسوس کی جا رہی ہے۔ چوہدری اسحاق کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ان لینڈ ریونیو کے ساتھ ساتھ محکمہ مال، خوراک، تعمیرات عامہ سمیت دیگر محکموں میں بھی اپنے فرنٹ مین چھوڑ رکھے ہیں جو وزیراعظم کے گزشتہ الیکشن اور آئندہ الیکشن کے اخراجات اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں، پورے آزاد کشمیر و پاکستان میں میرٹ اور گڈ گورننس کا راگ الاپنے والے وزیراعظم نے اپنے ضلع و حلقہ میں میرٹ اور گڈ گورننس کی دھجیاں بکھیرنی شروع کر رکھی ہیں، ان کے قول و فعل میں بہت بڑا تضاد ہے، بھمبر کے لوگ بھی ان کے میرٹ اور گڈ گورننس سے اب خاصی حد تک واقف ہو چکے ہیں اور اب ذاتی اثاثے بنانے والے اور نام نہاد عوامی نمائندگی کے دعویدار سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

چوہدری اسحاق نے کہا کہ اگر وزیراعظم مال بنانے کے چکر میں نہیں ہیں تو محکمہ ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر محکمہ جات میں اپنے خاص کارندوں کو تعینات کروانے پر کیوں بضد ہیں، جو لوگ کام کر رہے ہیں ان کے فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹیں کیوں ڈالی جا رہی ہیں۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں