پولیو کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے بے بنیاد ہیں، میر محمدعارف محمدحسنی

جمعرات 10 جنوری 2019 17:36

چاغی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے بے بنیاد ہیں، اس بیماری سے جنگ لڑنا معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے عوام کو جوابدہ ہونے چاہئیں عوامی فنڈز کا خورد بٴْرد لوگوں کا خون چوسنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاغی کی ترقی کے لیے اب تک 60 کروڑ روپے فنڈز منظور ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین میں یونیسف کے تعاون سے پولیو کنٹرول روم ضلع چاغی کے زیر اہتمام پولیو ایڈوکیسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چاغی ڈاکٹر امداد بلوچ، یونیسف کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیونیکیشن سپورٹ آفیسر تاج محمد بلوچ، نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنماء طارق بلوچ، جے یوآئی(ف) کے رہنماء شیخ مولوی عبدالکریم، تحریک منہاج القرآن کے رہنماء حاجی نور محمد نوتیزئی، دالبندین پریس کلب کے صدر علی رضا رند ودیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے اپنے خطاب میں والدین سمیت معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ بچوں اور بچیوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور 21 جنوری کو شروع ہونے والے پولیو کے خلاف تین روزہ قومی مہم کو کامیاب بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پولیو وائرس کی خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جائے گا۔

انہوں نے اپنی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ منظور شدہ فنڈز کے تحت ضلع چاغی میں فراہمی آب، صحت کے سہولیات، تعلیمی اداروں کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر اور شجرکاری کے شعبوں میں وسیع پیمانے پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاغی میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی 2018 کے بعد آنے والی تبدیلی کا سب سے واضح مثال اداروں کی بہتر کارکردگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن اداروں کو اکثر لوگ جانتے تک نہیں تھے انھیں بھی فعال کردیا گیا ہے ایم ایم ڈی کے 6 خراب بلڈوزر مرمت کرکے فعال کر دیئے گئے، جبکہ 3 مزید بلڈورز خریدے جائیں گے تاکہ زرعی اور حفاظتی بندات کی تعمیر و مرمت آسانی سے ہوسکے۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران ڈی ایچ او چاغی ڈاکٹر امداد بلوچ اور ایم ایس پرنس فہد اسپتال کی تعریف کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر ضلع چاغی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بے سیاسی مخالفین کی جانب سے پیسے کی بھرمار کے باوجود انھیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کو تاریخی روایت قرار دی۔ دریں اثناء انہوں نے پرنس فہد اسپتال دالبندین،محکمہ حیوانات کے اسپتال، زیر تعمیر سرکٹ ہاؤس اور نادرا کے دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انھیں مذکورہ اداروں کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں