چاغی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے

پیر 6 جنوری 2020 17:16

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) چاغی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کے سبب متعدد کچے مکانات اور دیواریں گر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے شروع ہونے والی بارشوں کے سلسلے نے دالبندین، چاغی، نوکنڈی اور تفتان سمیت گرد و نواح کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں ندی نالوں میں طغیانی بھی آئی جس کے سبب متعدد کچے راستے مسدود ہوگئے۔

دالبندین کے قریب سرگیشہ میں ایک پک اپ گاڑی سیلابی ریلے میں پھنس گئی جس میں سوار افراد کو اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عائشہ زہری کی قیادت میں لیویز فورس کے جوانوں نے ریسکیو کرلیا جبکہ نواحی علاقے نوکچاہ میں پک اپ اور مزدا ٹرک میں تصادم سے آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کچھ دیر کے لیے معطل رہی جسے فوری طور پر ہٹاکر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔

(جاری ہے)

بارشوں سے ہونے والے ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے جہاں ضلعی انتظامیہ نے دالبندین ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا وہیں ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک اور اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عائشہ زہری ازخود بھی مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے۔ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے آنے جانے والوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں